مہنگا پٹرول،وزیراعلیٰ پختونخوا کا موٹرسائیکل والوں کو2200روپے دینے کا اعلان

مہنگا  پٹرول،وزیراعلیٰ پختونخوا کا  موٹرسائیکل والوں  کو2200روپے دینے  کا اعلان

یہ لوگ اپنے لیے پرائیویٹ جیٹ خرید رہے اورعوام پر 55 روپے فی لٹر پٹرول کا ایٹم بم گرا رہے ہیں 16 لاکھ موٹر سائیکل سواروں کو ریلیف ملے گا ،بی آر ٹی کرایوں میں اضافہ نہیں ہوگا، سہیل آفریدی

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو ‘‘عوام پر ایٹم بم’’قرار دیتے ہوئے خیبر پختونخوا میں موٹر سائیکل مالکان کو 2200روپے پٹرول سبسڈی دینے کا اعلان کر دیا۔خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کی اور کہا کہ صوبائی حکومت اس فیصلے کو یکسر مسترد کرتی ہے ۔ یہ لوگ اپنے لیے پرائیویٹ جیٹ خرید رہے ہیں، اپنی شاہ خرچیاں کم نہیں کررہے اورعوام پر 55 روپے فی لیٹرپیٹرول کا ایٹم بم گرا رہے ہیںانہوں نے اعلان کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے بچانے کے لیے سبسڈی فراہم کرے گی۔ ان کے مطابق صوبے میں اس وقت تقریباً 14 سے 16 لاکھ موٹر سائیکل رجسٹرڈ ہیں ۔ ہر رجسٹرڈ موٹرسائیکل استعمال کرنے والے کو 2200 روپے دئیے جائیں گے ۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ بی آر ٹی کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا تاکہ عوام کو مہنگائی کے مزید بوجھ سے بچایا جا سکے ۔ انہوں نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر بی آر ٹی میں خواتین کے لیے پنک بسیں چلانے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی کٹائی کے موقع پر کسانوں کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج تیار کیا جا رہا ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اپنے اخراجات کم کر کے عوام کو ریلیف دینا چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں