ایران جنگ : ادویات اور بچوں کے فار مولا دودھ کی قلت کا خدشہ

ایران جنگ : ادویات اور بچوں کے فار مولا دودھ کی قلت کا خدشہ

ادویات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع، خوردنی گھی و تیل بھی فی کلو 30 روپے مہنگا ہونے کا امکان ایک دو روز میں ایئر لائنز کرایوں میں اضافہ کر دیں گی، لندن کا ٹکٹ ایک لاکھ روپے تک بڑھ سکتا ہے :ذرائع

اسلام آباد، لاہور (آئی این پی، این این آئی)اسرائیل اور امریکا کی ایران سے جاری جنگ کے باعث پاکستان میں زندگی بچانے والی ادویات، بچوں کے فارمولا دودھ، ویکسینز اور ادویات کے خام مال کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ، جبکہ عالمی مارکیٹ میں پام آئل مہنگا ہونے سے خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے ۔تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال، بین الاقوامی پروازوں کی معطلی اور سپلائی چین میں رکاوٹوں کے باعث درآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔ درآمد کنندگان کے مطابق اگر جنگ طویل ہوئی تو پاکستان میں ادویات اور ویکسینز کی شدید قلت پیدا ہوسکتی ہے جس سے قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ دس دنوں میں عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمت میں 75 ڈالر فی ٹن اضافہ ہوا ہے اور یہ بڑھ کر تقریباً 1100 ڈالر فی ٹن تک پہنچ گئی ہے ، جبکہ 26 فروری کو اس کی قیمت 1025 ڈالر فی ٹن تھی۔ چونکہ پاکستان اپنی پام آئل کی 70 سے 80 فیصد ضرورت درآمد سے پوری کرتا ہے ، اس لیے مقامی مارکیٹ میں گھی اور تیل کی قیمتیں 20 سے 30 روپے فی کلو تک بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ادھر مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کے رہنما علی حیدر کے مطابق ایل پی جی کی ریٹیل قیمت 250 روپے فی کلو سے بڑھ کر 320 سے 350 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ روس یا عمان سے ایل پی جی درآمد کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

دوسری جانب جیٹ فیول کی قیمت 188 روپے 93 پیسے فی لٹر سے بڑھ کر 342 روپے 32 پیسے فی لٹر تک پہنچنے کے باعث ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز کے فضائی کرایوں میں 20 سے 30 فیصد تک اضافے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ایک دو روز میں ایئر لائنز کرایوں میں اضافہ کر دیں گی، جس کے بعد لاہور، کراچی اور اسلام آباد سے لندن کے ٹکٹ ایک لاکھ روپے تک مہنگے ہو سکتے ہیں جبکہ پیرس، استنبول، نیویارک اور ٹورنٹو کے کرایوں میں بھی 80 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک اضافے کا خدشہ ہے ۔عید کے موقع پر بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کے لیے فضائی کرایوں میں ممکنہ اضافہ بڑا معاشی بوجھ بن سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں