آزاد کشمیر میں سیاحت ، فضائی رابطوں کے فروغ کا منصوبہ
مظفرآباد، راولا کوٹ سمیت بڑے شہروں میں پروازوں کی تجاویز زیر غور
مظفرآباد (بیورورپورٹ) چیف سیکرٹری کی زیر صدارت مظفرآباد میں اہم اجلاس ہوا ،حکومت آزاد کشمیر اور نجی ایوی ایشن کمپنی ساؤتھ ایئر پاکستان کے درمیان خطے میں فضائی رابطوں کو بہتر بنانے ، سیاحت کے فروغ اور ہنگامی طبی سہولتوں کو مؤثر بنانے کیلئے مختلف منصوبوں پر غور کیا گیا ہے ۔جبکہ ساؤتھ ایئر پاکستان کے ڈپٹی سی ای او محسن جمیل اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں کو بڑے شہروں خصوصاً اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے فضائی طور پر منسلک کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، حکام کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساؤتھ ایئر پاکستان ایک نئی ایئرلائن کے طور پر اندرونِ ملک پروازوں کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ، منصوبے کے تحت مختلف نوعیت کے طیاروں کے استعمال کی تجویز دی گئی ، جن میں چھوٹے ایئرپورٹس کے لئے تقریباً 70 نشستوں والے ATR-72 ٹربوپروپ طیارے جبکہ مصروف روٹس کے لیے 100 سے زائد نشستوں کے حامل Embraer-190 جیٹ طیارے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد، مظفرآباد اور راولا کوٹ کے درمیان 18 نشستوں والے چھوٹے طیاروں کے ذریعے علاقائی فضائی سروس شروع کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔اجلاس میں سیاحت کے فروغ کے لئے ہیلی کاپٹر شٹل سروس متعارف کرانے اور مختلف سیاحتی مقامات پر ہیلی پیڈز کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی، اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ بیرونِ ملک مقیم کشمیری سرمایہ کاروں کو اس منصوبے میں شامل کیا جائے تاکہ آزاد کشمیر میں سیاحت ،فضائی انفراسٹرکچر کی ترقی کو مزید تقویت مل سکے۔