حکومتی انٹرا کورٹ اپیل، بحث مکمل، فیصلہ محفوظ

حکومتی انٹرا کورٹ اپیل، بحث مکمل، فیصلہ محفوظ

راولپنڈی (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی کے ڈویژن بینچ نے شیخ رشید احمد کے خلاف وفاقی حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت میں وکلاء کی بحث مکمل ہونے پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیئے کہ شیخ رشید پہلے بھی کئی مرتبہ بیرون ممالک گئے اور واپس بھی آئے ، ان کا کنڈکٹ ہمارے سامنے ہے اسے دیکھتے ہوئے عدالت فیصلہ کرے گی۔ شیخ رشید اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ۔ وکیل نے دلائل میں کہا آئین کے آرٹیکل 15 کے تحت شہری کے سفر اور بیرون ملک جانے پر پابندی عائد نہیں کی جا سکتی، اے ٹی سی نے شیخ رشید کے بیرون ملک سفر کے حوالے سے کوئی مخصوص آرڈر جاری نہیں کیا۔ شیخ رشید کو بیرون ملک سفر سے روکنے کے لیے پہلے نام ای سی ایل میں ڈالا گیا جسے ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جوابی دلائل میں کہا سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ، شیخ رشید کا نام اے ٹی سی کے حکم کے مطابق پی این آئی ایل میں شامل کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں