علیمہ اور عظمیٰ خانم کی عبوری ضمانتوں میں 16 اپریل تک توسیع

 علیمہ اور عظمیٰ خانم کی عبوری ضمانتوں میں 16 اپریل تک توسیع

9مئی مقدمات ، اعظم سواتی،جمشید ، مسرت ،فواد کی عبوری ضمانت میں بھی توسیع فارم 47 کے نقلی قائدین نے ملک کی جڑوں کو ہلا کر رکھ دیا :سابق وفاقی وزیر،گفتگو

لاہور(عدالتی رپورٹر)لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 5 اکتوبر کو پی ٹی آئی احتجاج کے دوران پولیس پر تشدد کے مقدمے میں عمران خان کی بہنوں علیمہ خانم اور عظمیٰ خانم کی عبوری ضمانتوں میں 16 اپریل تک توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر وکلا کو دلائل طلب کر لیا،گزشتہ روز انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید کی عدالت میں وکلاء نے دونوں بہنوں کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی ، عدالت نے عبوری ضمانت میں 16 اپریل تک توسیع کر دی ۔دریں اثناء فاضل جج نے 9مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی،جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ کی عبوری ضمانتوں میں 3اپریل تک،فواد چودھری کی عبوری ضمانت میں 16 اپریل تک توسیع کر دی ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلا کو دلائل کیلئے طلب کر لیا ۔

عدالت پیشی کے بعد اعظم سواتی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہمیں ایک راستہ بنانا ہے جس سے ہم نفرت کو ختم کرسکیں ، فیصلہ سازوں کو پیغام دیتا ہوں نفرت کی فضا کو ختم کر کے بانی پی ٹی آئی کو آن بورڈ لیا جائے ،نوے فیصد لوگ بانی پی ٹی آئی کے پیروکار بن چکے ، فارم 47 کے نقلی قائدین نے ملک کی جڑوں کو ہلا کر رکھ دیا ۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو انکے بنیادی حقوق دئیے جائیں۔ فواد چودھری نے گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج انکے ڈاکٹرز سے کرایا جائے ،حکومت ایسے اقدامات کرتی ہے جس سے سیاسی درجہ حرارت اوپر جاتا ہے آپ سیاسی ورکرز،خواتین کو گرفتار کر رہے ہیں،جو عدالتی نظام ہے اس پر خود ججوں کو بھی اب اعتبار نہیں رہا ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کہتے تھے بانی پی ٹی آئی ہفتہ جیل نہیں نکال سکیں گے ،وہ اب ہزار دن سے زیادہ جیل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف آپ تیل کی قیمتیں بڑھا رہے ہیں دوسری طرف آپ آئینی کورٹ کے ججز کواربوں روپے کی گاڑیاں لیکر دے رہے ہیں، آپ چیف منسٹر پنجاب کیلئے 11 ارب روپے کا جہاز لے کے بیٹھ گئے ، اس جہاز کو ویانا کا وزٹ کرایا ہے کہ وہاں سے اسکو ٹھیک کرائیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں