چودھری شجاعت سے علماء و مشائخ کے وفد کی ملاقات
قومی یکجہتی کے فروغ میں علماء ومشائخ کاکردار کلیدی ہے :سابق وزیراعظم اسلام ،پاکستان کیلئے چودھری شجاعت کی لازوال خدمات :مولانا عبدالخبیر
لاہور(سیاسی نمائندہ)سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد کی قیادت میں علماء ومشائخ کے 20 رکنی وفد نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چودھری شافع حسین اور مسلم لیگ ق کے جنرل سیکرٹری طارق حسن بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ملاقات کے دوران فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن پرافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیاگیا، ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کی گئی۔ اس موقع پر علماء کرام اور مشائخ عظام کا کہنا تھا کہ دشمن کے کسی ایجنڈے اور سازش کو پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے ،پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ چودھری شجاعت حسین پاکستان کا اثاثہ ہیں،چودھری ظہور الٰہی شہید اور چودھری شجاعت نے ہمیشہ شرافت،رواداری اور عوامی خدمت کی سیاست کی ، اسلام اور پاکستان کیلئے بھی چودھری شجاعت حسین کی لازوال خدمات ہیں۔چودھری شجاعت حسین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرامن معاشرے کے قیام اور قومی یکجہتی کے فروغ میں علماء ومشائخ کا کلیدی کردار ہے ۔اسلام امن،محبت،اخوت،رواداری اور خدمت انسانیت کا درس دیتا ہے ،علماء کرام اور مشائخ اپنی آواز کے ذریعے اتحاد،مذہبی ہم آہنگی،یگانگت اور اخوت کے جذبات کو فروغ دیں۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پیغام پاکستان،پاکستان کا عظیم بیانیہ ہے جس پر 18ہزار علماء کرام کے دستخط ہیں اور پیغام پاکستان میں فرقہ واریت، دہشت گردی،انتہا پسندی اور خود کش حملوں کو حرام قرار دیا گیا ہے ۔