انسانی سمگلنگ، بیرون ملک ملازمتوں کا سکینڈل، اداکارہ دیدار کا شوہر گرفتار
اسلام آباد( آن لائن )فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے انسانی سمگلنگ اور بیرون ملک بھرتیوں کے بڑے سیکنڈل کا پردہ فاش کیا ہے جس میں سٹیج اداکارہ دیدار کے شوہر جہانزیب کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔
ذرائع کے مطابق کارروائی اسلام آباد اور لاہور میں مشترکہ طور پر ایف آئی اے کی ٹیم نے کی، جس کی قیادت انسپکٹر عبداللہ کیانی کر رہے تھے ۔ ٹیم کو کارروائی کے دوران شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جس میں ملزم کے آٹھ گارڈز نے مزاحمت کی۔ صورتحال پر پنجاب پولیس کی مدد بھی طلب کی گئی۔ کارروائی کے نتیجے میں ملزم کو گرفتار کر کے لاہور سے اسلام آباد منتقل کیا گیا، جہاں وہ ایف آئی اے اسلام آباد زون کو مطلوب تھا۔ تحقیقات کے مطابق ملزم نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر ہزاروں شہریوں کو لوٹا اور اسلام آباد سیکٹر جی الیون میں اپنا دفتر قائم کر رکھا تھا، جبکہ بعد میں وہ لاہور منتقل ہو کر یہی دھندہ چلا رہا تھا۔ ایف آئی اے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے ۔