34 ماہ سے قید ہیں، کیسز مقرر کریں، اسیر پی ٹی آئی رہنمائوں کا چیف جسٹس کو خط
ہم قانون کا احترام کرنیوالے شہری ، آئینی حق سے محروم،سزاؤں کیخلاف اپیلوں پر 8ماہ سے شنوائی نہیں ہورہی جلد سماعت کیلئے کئی درخواستیں دیں،اپیلیں سننے کی ہدایت کی جائے :یاسمین راشد، عمر سرفراز ، محمود الرشید،اعجاز چودھری
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپنی سزا کے خلاف اپیلیں مقرر کرنے کیلئے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھ دیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور اعجاز چودھری نے اپنے وکیل کے ذریعے خط جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ہم پاکستان کے قانون کا احترام کرنے والے شہری ہیں، ہم نے اہلیت کے مطابق پاکستان کیلئے اپنی خدمات دیں، ہمیں ہمارے قانونی اور آئینی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔ خط کے متن میں کہا گیا کہ اے ٹی سی نے جولائی 2025 میں سزائیں سنائی تھیں ہم گزشتہ 34 ماہ سے جیلوں میں قید ہیں، سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کیں مگر 8 ماہ سے شنوائی نہیں ہو رہی، وکلا نے اپیلوں پر جلد سماعت کیلئے کئی درخواستیں دی ہیں، ہم آپ سے اپیل کرتے ہیں کہ ہائیکورٹ کو ہماری اپیلیں سننے کی ہدایت کی جائے ۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپنے خط میں کہا کہ آپ نے بطور چیف جسٹس پاکستان اے ٹی سی کو 9 مئی کے کیسز کے جلد فیصلوں کی ہدایات دی تھیں، ہماری درخواست ہے کہ آپ ہماری اپیلوں پر جلد فیصلے کی ہدایت بھی دیں۔