کفایت شعاری:23مارچ کو یوم پاکستان کی پریڈ اور تقریبات منسوخ

کفایت  شعاری:23مارچ کو یوم پاکستان کی پریڈ اور تقریبات منسوخ

دن کو وقار اور احترام کے ساتھ سادہ پرچم کشائی کی تقریبات کے ذریعے منایا جائیگا، وزارتوں، ڈویژنز ، محکموں کو ہدایت قومی وسائل کا ذمہ دارانہ استعمال ہر شہری کی ذمہ داری :صدر نے منظوری دیدی،اعزازات تقریب 28 اپریل کو ہوگی

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)جاری خلیجی تیل بحران اور حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کفایت شعاری اقدامات  کے تناظر میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 23 مارچ 2026 کو یومِ پاکستان کی پریڈ اور اس سے منسلک تمام تقریبات منعقد نہیں کی جائیں گی۔تاہم اس دن کو وقار اور احترام کے ساتھ سادہ پرچم کشائی کی تقریبات کے ذریعے منایا جائے گا۔صدر مملکت نے یومِ پاکستان 23 مارچ 2026 کی پریڈ اور تمام متعلقہ تقریبات نہ کرنے کی سمری کی منظوری دے دی۔ منگل کو وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق یہ اقدام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے کہ قوم کی یومِ پاکستان کے نظریات سے وابستگی،استقامت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ساتھ وسیع تر کفایت شعاری پالیسی کو بھی برقرار رکھا جائے ۔تمام وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس موقع کو سادگی اور پر وقار طریقے سے منائیں تاکہ محدود تقریبات کے باوجود اس دن کی اہمیت اور اس کا حقیقی پیغام برقرار رکھا جا سکے ۔علاوہ ازیں صدر مملکت نے یومِ پاکستان 23 مارچ 2026 کی پریڈ اور تمام متعلقہ تقریبات نہ کرنے کی سمری کی منظوری دے دی۔ حکومت نے کفایت شعاری اور توانائی بچت اقدامات کے تحت 23 مارچ کی پریڈ اور تمام تقریبات منسوخ کرنے کی سفارش کی تھی۔ صدر مملکت نے حکومت کی جانب سے بھیجی گئی سمری کو منظور کردیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ قومی وسائل کا محتاط اور ذمہ دارانہ استعمال ہر شہری کی ذمہ داری ہے ۔ دوسری جانب یومِ پاکستان کے موقع پر منعقد ہونے والی اعزازات کی تقریب اب 28 اپریل 2026 کو منعقد ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں