پاکستان کاکرنٹ اکائونٹ سرپلس سال کی بلندترین سطح پرپہنچ گیا

پاکستان کاکرنٹ اکائونٹ سرپلس سال کی بلندترین سطح پرپہنچ گیا

جنوری میں60ملین ڈالر،فروری میں 427ملین ڈالرکرنٹ اکائونٹ سرپلس ریکارڈ بیرونی مالیاتی شعبہ مستحکم ہورہااور دبائو میں کمی آ رہی ہے :مشیروزیرخزانہ خرم شہزاد

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان کے بیرونی مالیاتی اشاریوں میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے ،جہاں کرنٹ اکائونٹ سرپلس ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیاہے ،ایس آئی ایف سی کی پالیسی معاونت اور معاشی استحکام کے اقدامات کے باعث بیرونی  مالیاتی شعبے میں مثبت پیش رفت جاری ہے ،مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان نے فروری 2026 میں 427 ملین ڈالر کا کرنٹ اکائونٹ سرپلس ریکارڈ کیا، جو مارچ 2025 کے بعد بلند ترین سطح ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مسلسل دوسرا ماہانہ سرپلس ہے ، اس سے قبل جنوری 2026 میں بھی 60 ملین ڈالر کا سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا،ان کے مطابق مسلسل کرنٹ اکائونٹ سرپلس مضبوط ترسیلاتِ زر، ویلیو ایڈڈ برآمدات میں اضافے اور درآمدات میں نظم و ضبط کا نتیجہ ہے ، جس کے باعث بیرونی مالیاتی شعبہ مستحکم ہو رہا ہے اور مالی دبائو میں کمی آ رہی ہے ۔خرم شہزاد نے کہا علاقائی چیلنجز کے باوجود کرنٹ اکائونٹ کی یہ بہتری پاکستان کی پائیدار معاشی بحالی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے ۔انہوں نے مزید کہا اوورسیز پاکستانی بڑی مقدار میں ترسیلاتِ زر ملک بھیج رہے ہیں جو بیرونی، تجارتی اور کرنٹ اکائونٹس کو مضبوط سہارا فراہم کر رہی ہیں۔مشیر وزیر خزانہ کے مطابق ایس آئی ایف سی نے بیرونِ ملک پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے لیے ایک موثر اور آسان پلیٹ فارم فراہم کیا ہے ، جس سے معیشت میں بہتری کے آثار مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں