آئندہ 2روز میں 3آئل ٹینکر پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہونگے

آئندہ 2روز میں 3آئل ٹینکر  پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہونگے

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے خام تیل کی بڑی کھیپ ملک پہنچنے والی ہے ۔

 ذرائع کے مطابق پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی)کے 3 آئل ٹینکرز آئندہ 2 روز کے دوران پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوں  گے جو مجموعی طور پر 2لاکھ 19 ہزار میٹرک ٹن سے زائد خام تیل ملک میں لائیں گے ۔ پی این ایس سی ذرائع کے مطابق پہلا بحری جہاز ایم ٹی ایا سوناس تقریباً 73 ہزار میٹرک ٹن خام تیل لے کر پورٹ قاسم پہنچے گا، جبکہ پی این ایس سی کا دوسرا آئل ٹینکر ایم ٹی لاہور بھی تقریباً 73 ہزار میٹرک ٹن خام تیل کے ساتھ پاکستان پہنچے گا۔ اطلاعات کے مطابق ایم ٹی لاہور 19 مارچ کو پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہونے کا امکان ہے ۔ اسی طرح تیسرا آئل ٹینکر بھی خام تیل کی بڑی مقدار کے ساتھ پاکستان پہنچ رہا ہے۔

جس کے بعد صرف 2 روز کے اندر 3 بحری جہازوں کے ذریعے ملک کو مجموعی طور پر تقریباً 2 لاکھ 19 ہزار میٹرک ٹن خام تیل دستیاب ہو جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ خام تیل مقامی آئل ریفائنریوں کو فراہم کیا جائے گا جہاں اسے پراسیس کرکے پٹرول، ڈیزل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات تیار کی جائیں گی۔ توانائی ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے باقاعدگی سے خام تیل درآمد کر رہا ہے ۔ پی این ایس سی کے ٹینکرز کے ذریعے خام تیل کی درآمد سے نہ صرف سپلائی چین مستحکم رہتی ہے بلکہ فریٹ اخراجات میں بھی نسبتاً کمی آتی ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن ملک کا قومی بحری بیڑا ہے جو خام تیل اور دیگر اہم تجارتی سامان کی ترسیل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور توانائی کی سپلائی برقرار رکھنے میں اس کی خدمات کو کلیدی حیثیت حاصل ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں