پیپر لیک کرنا قابل سزا جرم قرار ، 3سال قیدہوگی

پیپر لیک کرنا قابل سزا جرم قرار ، 3سال قیدہوگی

میٹرک امتحانات میں شفافیت کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائیگی

لاہور(آن لائن)محکمہ تعلیم نے امتحانی نظام کو شفاف بنانے کیلئے سوالیہ پیپر لیک کرنے کے حوالے سے سخت اقدامات کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت پیپر لیک کرنا باقاعدہ قابل سزا جرم قرار دے دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق دورانِ امتحان سوشل میڈیا پر سوالیہ پیپر اپ لوڈ کرنے پر فوری مقدمہ درج کیا جائے گا جبکہ قبل از وقت پیپر آؤٹ کرنے والوں کو تین سال قید اور جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سخت مانیٹرنگ کی جائے گی ، موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی ۔محکمہ تعلیم کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل  میں لائی جائے گی جبکہ بوٹی مافیا کے خلاف بھی سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور موقع پر گرفتار کرکے مقدمات درج کیے جائیں گے ،اساتذہ کی جانب سے نقل کروانے پر ان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی، انہیں 50 ہزار روپے تک جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے ۔مزید یہ کہ تمام امتحانی مراکز میں دفعہ 144 نافذ کی جائے گی اور غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں