ناجائز اسلحہ خاتمہ ،نیا قانون تیار،سی سی ڈی کو ذمہ داری دینے کا فیصلہ
ناجائزاسلحہ رکھنے پر عمر قید ،جائیداد ضبطی سزا،15دن میں اسلحہ جمع کرانیکی مہلت تجویز اسلحہ لائسنس ہولڈرز کی جانچ پڑتال کا نیا نظام متعارف ،کریمنل ہسٹری بھی چیک ہوگی
لاہور (اپنے نامہ نگارسے،دنیا نیوز)پنجاب میں غیر قانونی اسلحہ کے خاتمے کیلئے نیا قانون تیار،پنجاب حکومت نے ناجائزاسلحہ کے خاتمے کیلئے سی سی ڈی کو ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے ، محکمہ داخلہ نے پنجاب سرنڈر آف الیسٹ آرمز ایکٹ 2026 کا مسودہ تیار کر لیا جو جلد اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔بل کے متن میں ناجائزاسلحہ رکھنے والوں کو 15 دن میں اسلحہ جمع کرانے کی مہلت کی تجویز شامل ہے ، مقررہ مدت میں اسلحہ جمع نہ کرانے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔ ناجائزاسلحہ رکھنے پر عمر قید اور جائیداد ضبطی سزا کی تجویز شامل ہے ، خودکار ہتھیار رکھنے پر کم از کم 10 سال قید ہوگی، غیر قانونی عام اسلحہ رکھنے پر 3 سے 14 سال قید کی تجویز ہے ۔ رضاکارانہ اسلحہ جمع کرانیوالوں کو قانونی تحفظ دینے کی شق بھی شامل ہے ، بیرون ملک افراد کو واپسی پر 14 دن میں اسلحہ جمع کرانیکی اجازت ہوگی۔
ایکسپائر لائسنس رکھنے والوں کو تجدید کا آخری موقع دیا جائے گا، تجدید نہ کرانے پر اسلحہ پولیس کے حوالے کرنا لازمی ہوگا، اسلحہ جمع کرانے پر باقاعدہ رسید اور ریکارڈ رکھنے کا نظام متعارف ، ناجائزاسلحہ ضبط کر کے تلف یا ضائع کرنے کا طریقہ کار بھی طے کیا گیا ہے ، سرچ اینڈ ریکوری آپریشنز کیلئے سی سی ڈی خصوصی مہم شروع کریگی۔اسلحہ لائسنس ہولڈرز کی جانچ پڑتال کا نیا نظام متعارف ، لائسنس رکھنے والوں کا ٹیکس ریکارڈ اور کریمنل ہسٹری بھی چیک کی جائیگی۔ اسلحہ لائسنس منسوخ کرنے کا اختیار متعلقہ اتھارٹی کو دینے کی تجویز ، اسلحہ لائسنس منسوخی کیخلاف اپیل کا حق بھی شامل ہے ۔ تمام جرائم ناقابل ضمانت وقابل دست اندازی پولیس ہونگے ۔ حکومت کو کسی بھی شے کو غیر قانونی اسلحہ قرار دینے کا اختیار ہوگا، قدیم اسلحہ کو اینٹیک قرار دیکرنمائش کیلئے رکھنے کی اجازت ہوگی۔جھوٹی اطلاع پر 20 ہزار تک جرمانہ ہوگا۔ قانون پر عملدرآمد کیلئے خصوصی اتھارٹی کی تجویز ہے ، نیا قانون 1991 کے پرانے اسلحہ سرنڈر قانون کی جگہ لے گا، محکمہ داخلہ نے ناجائزاسلحہ خاتمے کا بل تیار کرکے محکمہ قانون کو بھجوا دیا۔