راولپنڈی ، اسلام آباد میں پولن کی مقدار بڑھنے پر آنکھوں کی الرجی میں اضافہ
راولپنڈی(آن لائن)الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال نے خبردار کیا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں پولن کی مقدار خطرناک حد تک بڑھنے سے آنکھوں کی تکلیف دہ الرجی کے مریضوں میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے ۔
پولن کا موسم عموماً وسط مارچ سے اپریل تک جاری رہتا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایچ-8 میں فضا میں پولن کی مقدار 14,695 ذرات فی مکعب میٹر اورسیکٹر جی-6 اور ای-8 میں یہ تعداد بالترتیب 5,510 اور 5,391 رہی۔الشفا آئی ہسپتال کے سینئر کنسلٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق کاکہناہے کہ فضا میں پولن کی زیادہ مقدار سے آنکھیں سرخ خارش زدہ اور سوجن کا شکار ہو جاتی ہیں۔ باہر جاتے وقت دھوپ کے چشمے استعمال کئے جائیں تاکہ پولن آنکھوں تک نہ پہنچ سکے ۔ محکمہ صحت کے مطابق جڑواں شہروں میں تقریباً ایک لاکھ بیس ہزار افراد یعنی لگ بھگ 30 فیصد آبادی الرجی کا شکار ہے ۔