سندھ کے شہر گھوٹکی سے تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت
اسلام آباد ،گھوٹکی(آئی این پی،این این آئی)ماڑی انرجیز نے سندھ کے شہر گھوٹکی سے تیل و گیس کے نئے ذخائر کے دریافت کا اعلان کر دیا۔
ماڑی انرجیز نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کر اہم معلومات سے آگاہ کردیا ۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے خط میں ماڑی انرجیز نے اعلان کیا کہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں واقع ماڑی ڈی اینڈ پی ایل بلاک کے شمس ون کنویں سے گیس اور خام تیل کے اہم ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق کنویں سے یومیہ تقریباً 47اعشاریہ98 ملین مکعب فٹ گیس اور 64 بیرل خام تیل حاصل ہو سکے گا، شمس-1 کنواں کی ڈرلنگ 30 جنوری 2026 کو شروع ہوئی اور تقریباً 3075 میٹر گہرائی تک مکمل کی گئی، ٹیسٹنگ کے دوران کنویں کا پریشر 2ہزار404 پی ایس آئی جی ریکارڈ کیا گیا۔ماڑی انرجیز اس بلاک کی 100 فیصد آپریٹر اور مالک ہے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ دریافت ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔