اسحاق ڈار کی ریاض میں ترک، سعودی و دیگر وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ریاض میں مشاورتی وزارتی اجلاس کے موقع پر ترکیہ،سعودی عرب ،مصر اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں اور علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ کاری اور پاک ترک دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔آذربائیجان کے وزیرخارجہ جیہون بیراموف سے بھی علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امورزیربحث آئے جبکہ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کومزیدگہراکرنے کے مشترکہ عزم کا اظہارکیا۔ سعودی عرب کے وزیرِخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اورمصر کے وزیرخارجہ بدر ابدیلاتی سے ملاقاتوں میں امن،استحکام اورمشترکہ خوشحالی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔