گاڑی کا نمبر ،شناختی کارڈ درج کرائیں، پٹرول پائیں،حکومت کا نیا پلان
صارفین بذریعہ ایپ ڈیجیٹل واؤچر حاصل کرینگے ، پمپ پر سکین کے بعد فراہمی ممکن ہوگی وزیراعظم پٹرولیم مصنوعات کی راشننگ کیلئے نئے ڈیجیٹل سسٹم کی تجویز صدر کوپیش کرینگے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی) گاڑی کا نمبر ،شناختی کارڈ درج کرائیں، پٹرول پائیں،حکومت کا نیا پلان تیار، حکومت پٹرول کوٹہ مختص کرنے کے لیے ڈیجیٹل ایپ تیار کررہی ہے جس کے تحت شہریوں کو مخصوص کوٹہ ملے گا۔ صارفین ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل واؤچر حاصل کریں گے ، پمپ پر سکین کے بعد فراہمی ممکن ہوگی۔رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پٹرولیم مصنوعات کی راشننگ کے لیے ایک نئے ڈیجیٹل سسٹم کی تجویز صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے سامنے پیش کرینگے ۔اس منصوبے کا مقصد ایندھن کی بڑھتی ہوئی کھپت کو روکنا اور وفاقی خزانے پر سبسڈی کا بوجھ کم کرنا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ایک مخصوص موبائل ایپلی کیشن تیار کی جا رہی ہے ، صارفین کو اپنی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اور شناختی کارڈ (CNIC) تفصیلات ایپ میں درج کرنی ہوں گی۔ہر رجسٹرڈ صارف کو اس کے استعمال کے پیٹرن اور ایندھن کی دستیابی کی بنیاد پر روزانہ یا ماہانہ پٹرول اور ڈیزل کا ایک مخصوص کوٹہ الاٹ کیا جائے گا اور شہری صرف اپنے الاٹ شدہ کوٹہ کی حد تک ہی پٹرولیم مصنوعات خرید سکیں گے ۔وزیراعظم شہباز شریف آج ایوانِ صدر میں صدر زرداری سے ملاقات کریں گے جس میں اہم نکات زیرِ بحث آئیں گے ۔حکومت نے موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی گاڑیوں کے لیے ایندھن کوٹہ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اوگرا، وزارت خزانہ اور وزارت پٹرولیم نے نظام کو حتمی شکل دے دی،ایندھن کوٹہ صارف کے شناختی کارڈ اور گاڑی کے رجسٹریشن نمبر سے منسلک ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہر پمپ پر فوکل پرسن مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔