کاروباری نظام ڈیجیٹلائزکرنے کیلئے بزنس پورٹل تشکیل دینے کاحکم
نومبر 2027تک صنعت و تجارت کو ون ونڈو پورٹل پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر
اسلام آباد (ایس ایم زمان )وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں صنعت و کاروبار کی ڈیجیٹلائزیشن کے لئے پاکستان بزنس پورٹل تشکیل دینے کے احکامات جاری کر د ئیے ہیں ، وزیراعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کو نومبر 2027 تک ملکی صنعت و بزنس کو مذکورہ پورٹل پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا، مذکورہ ون ونڈو ریگولیٹری پورٹل ہوگا، جہاں سرمایہ کاروں کو رجسٹریشن، لائسنس، سرٹیفکیٹ اور ہر قسم کے اجازت ناموں کے لئے ایک ہی جگہ تمام ڈیجیٹل سہولیات میسر ہوں گی۔ اس منصوبے کی نگرانی و انتظامی ذمہ داری سرمایہ کاری بورڈ کو سونپی گئی ہے جو سکیور ٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے مینوئل دفتری نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرے گا ۔ وزیراعظم نے منصوبے کو قانونی تحفظ اور عمل درآمد کے لئے کمپنیز ایکٹ 2017 میں ترامیم کرنے کی ہدایت کی ہے ، مذکورہ ترامیم کے ذریعے کمپنیوں کے کاروبار کے لئے این او سی اور دیگر لازمی شرائط کی منظوری کو ون ونڈو پورٹل کے ذریعے کیا جائے گا ، اس کیلئے کارپوریٹ ری ہیبلیٹیشن ایکٹ 2018 اور کارپوریٹ ری سٹرکچرنگ کمپنیز ایکٹ 2016 میں ترامیم کی جائیں گی ، ایس ای سی پی ایکٹ میں ترامیم، ریگولیٹری اداروں کے اختیارات اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لئے منصوبے کی تکمیل کے لئے دسمبر 2028 کا ہدف دیا گیا ہے ۔