امن کیلئے پاک افغان جنگ بندی میں توسیع ناگزیر :علما
معاملات کو سنجیدگی، بردباری باہمی اعتماد کیساتھ مذاکرات سے حل کیا جائے افغانستان دہشتگردی کے مرتکب عناصر کو کنٹرول کرے ، تقی عثمانی ،مفتی منیب
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علما کرام نے پاک افغان جنگ بندی میں توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ دونوں برادر اسلامی ملک حل طلب معاملات کو سنجیدگی، بردباری اور باہمی اعتماد کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے حل کریں ،علماء کرام نے کہا کہ خطے کے امن کیلئے جنگ بندی میں توسیع ناگزیر ہے ، اس حوالے سے جید علماء کرام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،مولانا مفتی منیب الرحمن،مولانا انوار الحق، مولانا محمد حنیف جالندھری،مولانا عبدالمالک،مولانا یاسین ظفر سمیت دیگر اکابرین نے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات محض ہمسائیگی تک محدود نہیں بلکہ یہ دینی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہیں اس لئے باہمی معاملات کوجنگ سے نہیں بلکہ بات چیت سے حل کرنا چا ہئے ، انہوں نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے اور پاکستان میں دہشتگردی کے مرتکب عناصر کو کنٹرول کرے ۔