دہشتگرد وں کی سرپرستی، افغان طالبان رجیم کا چہرہ بے نقاب
طالبان کے القاعدہ، فتنہ الخوارج کیساتھ تعلقات برقرا ر ،امریکی تھنک ٹینک غلط پالیسیوں کے باعث کابل عالمی سطح پر تنہا، اقتصادی و انسانی بحران کا شکار ،ماہرین
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اور دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی نے افغان طالبان رجیم کا سفاک چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا، افغان طالبان رجیم دہشتگردی کی حمایت اور انتہا پسندانہ پالیسیوں کے سبب دنیا بھر کیلئے ناقابل قبول ہوگئی ، اس کے جابرانہ قوانین افغان شہریوں کے بنیادی حقوق اور مستقبل کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں۔امریکی تھنک ٹینک فارن پالیسی ان فوکس کے مطابق طالبان رجیم کے سخت گیر نظام اور عالمی سطح پر تنہائی نے افغان ریاست کی قانونی حیثیت اور شہری حقوق کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے ، افغان طالبان کے القاعدہ اور فتنہ الخوارج جیسے دہشتگرد گروہوں کیساتھ تعلقات برقرا ر ہیں اور یہ ان کیخلاف کارروائی سے گریزاں ہیں ۔ تھنک ٹینک کے مطابق افغان طالبان رجیم کا خودمختاری کا دعویٰ محض ڈھونگ ہے ۔ ماہرین کے مطابق طالبان رجیم کی شدت پسند اور غیر جمہوری پالیسیوں کے باعث افغانستان عالمی سطح پر تنہا اور اقتصادی و انسانی بحران کا شکار ہے ، افغان طالبان کی القاعدہ اور فتنہ الخوارج جیسے گروہوں کی پشت پناہی پورے خطے کے لیے سکیورٹی رسک ہے ۔