ایئر لائن کرایوں میں فیول سرچارج کی مد میں 100 ڈالر تک اضافہ

ایئر لائن کرایوں میں فیول سرچارج کی مد میں 100 ڈالر تک اضافہ

جیٹ فیول مہنگا ہونے پر بوجھ مسافروں پر منتقل ،بنیادی کرایہ برقرار ،اضافی سرچارج سے مجموعی ٹکٹ مہنگے ہوگئے پی آئی اے کی لوکل پروازوں پر 10 ڈالر فیول سرچارج عائد ، غیر ملکی ایئر لائنز کو واپسی کیلئے فیول ساتھ لا نیکی ہدایت

 کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی،آن لائن )جیٹ فیول کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے بعد فضائی سفر مزید مہنگا ہوگیا، متعدد ایئرلائنز نے کرایے 100 فیصد تک بڑھا دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جیٹ فیول 176 روپے سے بڑھ کر 417 روپے فی لٹر تک جاپہنچا ہے ،فیول کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ مسافروں پر منتقل کیا جارہا ہے اور ٹکٹس بھی اسی تناسب سے مہنگے کیے جا رہے ہیں ،ذرائع کے مطابق فیول کی قیمت میں 34 فیصد سے زائد جبکہ بعض ایئرلائنز کے مطابق 70 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، نئی قیمت 400 روپے فی لٹرسے تجاوز کر گئی ہے۔

تمام ایئرلائنز نے کرایوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کرتے ہوئے فیول سرچارج بڑھا دیا ہے ، بنیادی کرایہ برقرار رکھا گیا مگر اضافی سرچارج سے مجموعی ٹکٹ مہنگے ہوگئے ۔ کراچی، اسلام آباد، لاہور اور دیگر سٹیشنز کے کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد کراچی سے اسلام آباد اور لاہور کا یک طرفہ کرایہ 40 ہزار روپے تک پہنچ گیا،پی آئی اے نے کرایوں میں 10 سے 100 ڈالر تک اضافہ کر دیا، پی آئی اے کی لوکل پروازوں پر 10 ڈالر فیول سرچارج عائد کیا گیا ہے ۔لاہور اور اسلام آباد کے چانس کی سیٹوں کے کرایوں میں 150 فیصد تک اضافہ ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق بین الاقوامی ٹکٹس پر بھی ا کانومی کلاس کی مشرق وسطیٰ، ٹورنٹو، پیرس اور مانچسٹر کی ٹکٹ کی قیمت 3 سے 7 لاکھ روپے تک ہوگئی ہے۔

پی آئی اے نے لوکل پروازوں پر 10 ڈالر فیول سرچارج عائد کردیا جبکہ کینیڈا روٹس پر 100 ڈالر، برطانیہ جانے والی پروازوں پر 75 ڈالر اور سعودی عرب و گلف روٹس پر 50 ڈالر تک اضافی سرچارج نافذ کیا گیا ہے ،نجی ایئرلائنز نے بھی 15 سے 150 ڈالر تک اضافی چارجز لاگو کرد ئیے ہیں،ایئرلائنز حکام کا کہنا ہے کہ خلیجی فضائی حدود کی بندش اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کرایوں میں غیر معمولی اضافہ ناگزیر ہوگیا ہے ۔دریں اثنا پاکستان آنے والی غیر ملکی ایئر لائنز کو واپسی کے لئے اپنا فیول ساتھ لانے کی ہدایت کر د ی گئی ہے ، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے ایندھن پالیسی سے متعلق نوٹم جاری کردیا۔ نوٹم کے مطابق غیر ملکی ایئرلائنز کو پاکستان میں بہت محدود مقدار میں ایندھن فراہم کیا جائے گا، پی اے اے حکام کے مطابق پاکستانی ایئرلائنز کو ان کی ضرورت کے مطابق پورا ایندھن فراہم کیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں