باہر بیٹھ کرہمیں نہ بتائیں پاکستان کیلئے کیا ضروری : عظمیٰ بخاری
بعض لوگ خود کو پاکستان سے مقدم سمجھتے ہیں، قاسم نے دوسرا 9 مئی کیا پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس کو متنازع بنانے کی کوشش ہوئی:گفتگو
لاہور(سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ باہر بیٹھ کر کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ پاکستان کو بتائے کہ اس کے لیے کیا ضروری ہے۔ بعض عناصر خود کو پاکستان سے مقدم سمجھتے ہیں، مگر ریاست کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے ممالک پاکستان کی اہمیت سے آگاہ ہیں، تاہم ایک مخصوص گروہ بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک تقریب کے ذریعے پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی جسے ناکام بنایا جائے گا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ قاسم خان کی جانب سے کی جانے والی سرگرمیاں دوسرے 9 مئیکے مترادف ہیں، جن کا مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے۔
ان کے مطابق اس مہم میں بعض غیر ملکی عناصر اور لابیز بھی شامل ہیں جو یورپی یونین میں پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوئیں، مگر اس وقت یہ آوازیں کیوں بلند نہ ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں نوجوانوں کو بطور ایندھن استعمال کیا گیا اور ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے بعد پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا اور حکومت اپنے اقتصادی مفادات کا ہر صورت تحفظ کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی داخلی یا بیرونی پروپیگنڈے کو ناکام بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ عناصر بلوچستان کے حوالے سے بھی گمراہ کن مہم چلا رہے ہیں، جبکہ حقیقت میں حکومت وہاں ترقی، تعلیم اور صحت کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔آخر میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کامیابی کی جانب گامزن ہے اور مخالفین کی بوکھلاہٹ اس کا واضح ثبوت ہے۔