گریڈ 19 ترقی : کورس کیلئے 42 افسران کی اضافی نامزدگیاں
20 افسران کی نامزدگی منسوخ، چھ افسران کے تربیتی مراکز تبدیل کرنے فیصلہ نامزد افسر 27مارچ تک متعلقہ تربیتی مراکز رپورٹ کریں،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن
اسلام آباد (ایس ایم زمان) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 19میں ترقی کے لیے لازمی تربیتی 46ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس (ایم سی ایم سی) کے لیے 68 افسران کی اضافی نامزدگی، تربیتی مراکز کی تبدیلی اور بعض نامزدگیاں منسوخ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔ مذکورہ تربیتی کورس 30 مارچ 2026 سے کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) میں منعقد ہوگا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے احکامات کے مطابق 20 افسران کی نامزدگی منسوخ کی گئی جن میں پولیس سروس کے 9، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 5، آفس مینجمنٹ گروپ کے 4 اور حکومت خیبرپختونخوا کے 2 افسران شامل ہیں۔ اسی طرح 6 افسران کے تربیتی مراکز تبدیل کیے گئے ہیں جن کا تعلق پولیس سروس، پوسٹل گروپ، حکومت بلوچستان، پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس اور وزارت دفاع سے ہے ۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 18 کے 42 افسران کی اضافی نامزدگی بھی کی ہے جن میں پولیس سروس پاکستان کے 10 افسران، وزارت بحری امور کے 10 افسران، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 5، آفس مینجمنٹ گروپ کے 4، ان لینڈ ریونیو سروس کے 4، ایف آئی اے کے 6 جبکہ وزارت دفاع، وزارت زراعت اور حکومت خیبرپختونخوا کے افسران بھی شامل ہیں۔تمام نامزد افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 27 مارچ تک متعلقہ تربیتی مراکز میں رپورٹ کریں۔