پنجاب :غریب بچیوں کا تعلیمی وظیفہ پروگرام بند کرنے کا فیصلہ
زیور تعلیم پروگرام کے تحت مستحق بچیوں کو ماہانہ ہزار روپے وظیفہ دیا جاتا تھا کابینہ کی منصوبہ ختم کرنے کی منظوری ، ہزاروں طالبات سہولت سے محروم ہونگی
لاہور(محمد حسن رضا سے )پنجاب میں غریب بچیوں کیلئے شروع کیا گیا تعلیمی وظیفہ پروگرام ‘‘زیور تعلیم’’بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ نے باقاعدہ طور پر اس منصوبے کو ختم کرنے کی منظوری دیدی ، جس کے بعد ہزاروں مستحق طالبات اس سہولت سے محروم ہو جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق زیور تعلیم پروگرام کے تحت مستحق بچیوں کو ماہانہ ایک ہزار روپے وظیفہ دیا جاتا تھا، جس کا مقصد سرکاری سکولوں میں بچیوں کی تعداد میں اضافہ اور شرحِ خواندگی بہتر بنانا تھا۔ یہ منصوبہ سابق وزیر اعظم شہباز شریف کے دور حکومت کا فلیگ شپ پروگرام سمجھا جاتا تھا ۔
اس پروگرام کیلئے سالانہ 7 ارب 35 کروڑ روپے مختص کئے جاتے تھے ، تاہم اب یہ بجٹ دیگر سکیموں میں منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اس رقم کو ٹرانسپورٹ، اساتذہ کی بھرتی، امتحانی نظام اور دیگر تعلیمی ضروریات پر خرچ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومتی جائزہ رپورٹ میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ پروگرام سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے جس کے باعث اسے بند کرنے کی سفارش کی گئی۔ تاہم اس فیصلے پر تعلیمی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے کہ اس سے غریب گھرانوں کی بچیوں کی سکولوں تک رسائی مزید متاثر ہو سکتی ہے ۔ محکمہ سکولز ایجوکیشن حکام کے مطابق یہ معاملہ کابینہ کے سامنے رکھا گیا ،جہاں پر بجٹ سے متعلق فیصلہ ہوا ۔