غیرقانونی مقیم افغان شہریوں کی واپسی کیلئے سرحد کھول دی

غیرقانونی مقیم افغان شہریوں کی واپسی کیلئے سرحد کھول دی

پہلے روز طورخم بارڈر سے 50 افراد منتقل،لنڈی کوتل سے سرحد عبورکی

لنڈی کوتل(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور افغانستان کی سرحد جزوی طور پر کھول دی گئی ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام اللہ وزیر نے بی بی سی کو بتایا کہ پہلے روز طور خم بارڈر سے پچاس افراد نے سرحد عبور کی۔یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر کے آخر میں پاکستان اور  افغانستان کے درمیان کشیدگی اور جھڑپوں کے باعث طورخم سرحد ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کردی گئی تھی۔ تاہم کچھ عرصہ بعد پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی واپسی کے لیے سرحد کو جزوی طور پر کھول دیا گیا تھا۔

بعد ازاں رواں سال 26 فروری کو دونوں ملکوں کے درمیان ایک بار پھر بڑھتی کشیدگی کے باعث بارڈر کراسنگ مکمل طور پر بند کردی گئی تھی۔ اب دوبارہ بارڈر بھی صرف پاکستان سے غیر قانونی افغان باشندوں کی واپسی کے لیے کھولا گیا ہے ۔اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں وہ افغان شہری جو مختلف جیلوں میں قید تھے ان کو ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے ۔ ان افغان شہریوں کو لنڈی کوتل میں قائم حمزہ بابا کیمپ سے ضروری کاغذی کارروائی کے بعد بارڈر کراس کرایا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق فی الحال گزرگاہ کھلی ہے اور کب تک کھلی ہے یہ تو اعلیٰ حکام ہی بتا سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں