مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ، آج سے شدید بارش کا الرٹ

مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ، آج سے شدید بارش کا الرٹ

گرج چمک، تیز ہواؤں، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع :حکام پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ہوائی اڈوں پر احتیاط برتنے کے احکامات جاری

لاہور،کراچی،اسلام آباد (آن لائن،این این آئی،اے پی پی)این ڈی ایم اے نے آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید موسمی صورتحال کا الرٹ جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں میں داخل ہونے والا مغربی ہواؤں  کا سلسلہ تیز بارش اور جھکڑ کے ساتھ ملک کے بیشتر حصوں پر اثر انداز ہوگا۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور طوفان کے امکانات ہیں ، بلوچستان کے اضلاع تربت، کیچ، گوادر، خضدار، ژوب اور لسبیلہ ،پختونخوا کے ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، پاراچنار، پشاور، مردان اور صوابی میں سیلابی صورتحال متوقع ہے۔

اسی طرح اسلام آباداور پنجاب کے علاقوں راولپنڈی، اٹک اور چکوال کے شہری و نشیبی علاقے بھی ممکنہ سیلاب کے خطرے سے دوچار ہیں۔مری ، جہلم ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، میانوالی اور منڈی بہاؤالدین میں بھی آندھی جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران برفباری کا امکان ہے ۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ رہنے کے لیے ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ علاوہ ازیں محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ کے مطابق مغربی ہواؤں کاملک میں داخل ہونیوالا سلسلہ آج 27 مارچ کی رات سے شدت اختیار کر سکتا ہے اوریہ صورتحال 31 مارچ تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

اس دوران کراچی، ٹھٹھہ، بدین، دادو، سکھر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں بارش کے دوران آندھی، ژالہ باری اور بجلی گرنے سے کمزور ڈھانچوں بجلی کے کھمبے ، بل بورڈز، سولر پینلز وغیرہ اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے ، تمام متعلقہ حکام الرٹ رہیں ۔ دوسری طرف پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے بارشوں، طوفانی ہواؤں کے تناظر میں ہوائی اڈوں پر احتیاط برتنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں بارش، ہواؤں اور گرج چمک کے تناظر میں ہوائی اڈوں پر مکمل احتیاط کی جائے ۔ ہوائی آپریشنز کو محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں