عظمیٰ بخاری کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ :شفیع جان
قاسم نے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حوالے سے کوئی منفی بات نہیں کی عمران سے بیٹوں کی ٹیلیفونک گفتگو آئینی حق،وفاقی حکومت احسان نہ جتلائے
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا حکومت کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ عظمیٰ بخاری کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ، حقائق کے منافی اور محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہے ، ذاتیات پر مبنی سیاست جعلی وزراء کا انتہائی منفی اور افسوسناک رویہ ہے ۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں اپنے بیان میں شفیع جان نے مزید کہا عمران کے بیٹوں کو گھسیٹ کر الزامات لگانا سیاسی انتقام اور بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے ،قاسم خان نے پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حوالے سے کوئی منفی بات نہیں کی،جعلی وفاقی حکومت عالمی سطح پر بھی بے نقاب ہو چکی ، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔
عمران خان اور ان کے بیٹوں کی فون پر گفتگو پر وفاقی حکومت احسان جتانے سے باز رہے ، یہ ان کا آئینی و قانونی حق ہے ۔ وفاق اور پنجاب حکومت نے عمران خان کے بنیادی حقوق سلب کیے ، انہیں فیملی سے ملاقات تک نہیں کرنے دی جا رہی۔ انہوں نے کہا عید جیسے مقدس موقع پر باپ اور بیٹوں کی گفتگو پر منفی سیاست کرنا نااہل ٹولے کا پرانا وطیرہ ہے ، حکومتی وزراء قاسم خان کے بیان پر منفی سیاست کر کے قوم کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، عظمیٰ بخاری شاید بھارتی کاروباری شخصیت سجن جندال کی نواز شریف سے مری میں ملاقات بھول چکیں، عمران خان اور ان کے خاندان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگا کر توجہ اصل مسائل سے ہٹائی جا رہی ہے ۔