فائیو جی کی 300 سائٹس فعال، بڑے شہروں میں سروس شروع
موبائل کمپنیوں جاز، زونگ اور دیگر برانڈز کی ڈیوائسز پر فائیو جی سروس دستیاب آئی ٹی برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی ، پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان میں فائیو جی سپیکٹرم کے کامیاب اجرا کے ساتھ ملک میں ڈیجیٹل ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گیا جسے ماہرین معیشت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں انقلابی پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔ اس میں سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل کی موثر حکمتِ عملی اہم رہی۔ملک بھر میں اب تک 300 سے زائد فائیو جی سائٹس فعال ہیں جبکہ بڑے شہروں اور اہم مقامات پر سروس کا باقاعدہ آغاز بھی ہو گیا ۔ نجی ٹیلی کام کمپنیوں میں جاز کی 180 اور زونگ کی 150 سائٹس فعال ہیں، جبکہ 103 مختلف موبائل برانڈز کے 2,254 ڈیوائسز پر فائیو جی دستیاب ہے۔
پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن نے فائیو جی کے آغاز کو ملک کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے ، آئی ٹی برآمدات بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں معاون ہوگا۔ مشیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق سپیکٹرم کے اجرا سے انٹرنیٹ کی رفتار اور معیار میں نمایاں بہتری آئے گی، جس سے صارفین اور کاروباری سرگرمیوں کو فائدہ پہنچے گا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق نیلامی میں تین بڑی بین الاقوامی کمپنیوں اتصالات، چائنا موبائل اور ویون گروپ نے مجموعی طور پر 50 کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے ۔ مزید برآں، جاز (ویون گروپ) نے آئندہ تین سال میں پاکستان میں مزید 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔