PIAکی 6سال بعدبراہ راست لندن پروازیں بحال

PIAکی 6سال بعدبراہ راست لندن پروازیں بحال

قومی ائرلائن کی پرواز اسلام آبادایئرپورٹ سے 325مسافروں کولیکرروانہ بحالی خوش آئند، کراچی سے بھی آغاز ہونا چا ہیے ،برطانوی ہائی کمشنر

اسلام آباد(دنیا نیوز )قومی ایئر لائنز(پی آئی اے ) کا 6 سال بعد لندن کیلئے براہ راست فلائٹ آپریشن بحال ہوگیا، اسلام آباد سے لندن کیلئے پہلی پرواز325مسافروں کو لے کر روانہ ہو گئی ۔سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد علی اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پی آئی اے کی لندن کے لئے پروازوں کی بحالی کا افتتاح کیا ۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جین میریٹ کا کہنا تھا کہ لندن کیلئے پی آئی اے پروازوں کی بحالی خوش آئند ہے ، جلد کراچی سے بھی پروازوں کا آغاز ہونا چاہیے ، کئی لاکھ پاکستانی برطانیہ میں مقیم ہیں۔ پروازوں کی بحالی برطانیہ اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاس ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد علی کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستان کی ہوابازی کی صنعت کیلئے ایک اہم دن ہے ، پی آئی اے اور لندن کا کئی دہائیوں کا ساتھ ہے ، انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے گزشتہ 6 سالوں سے یہ تعلق معطل تھا، ہمیں خوشی ہے کہ یہ تعلق آج دوبارہ بحال ہو رہا ہے ، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات ہیں، اس قدم سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پروازوں کی بحالی کیلئے برطانوی ہائی کمشنر کی خصوصی دلچسپی قابل تحسین ہے ۔پی آئی اے کی پرواز 325 مسافروں کو لے کرلندن روانہ ہوئی۔برطانوی روٹ پرپی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ استعمال کیا گیا،لندن کیلئے پاکستان سے ہفتہ وار 4 پروازیں آپریٹ ہونگی،برطانوی شہر مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار 3 پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں۔ اسلام آباد ایئر پورٹ پر منعقدہ افتتاحی پرواز کی تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا اور قرعہ اندازی کے ذریعے ایک 660 سی سی گاڑی بھی ایک خوش نصیب مسافر کے نام نکالی گئی جبکہ دیگر مسافروں کو بھی تحائف پیش کئے گئے ۔ تقریب کے مہمانوں کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے کی جانب سے یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں