گلگت بلتستان میں امن ہرصورت یقینی بنائینگے ، امیر مقام

گلگت بلتستان میں امن ہرصورت یقینی بنائینگے ، امیر مقام

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے ملاقات، حالیہ ناخوشگوار واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال امیر مقام کا گلگت میں نذرِ آتش اقوام متحدہ کے دفتر کا دورہ ،نقصانات کا جائزہ لیا

  گلگت (نیوز ایجنسیاں )گلگت بلتستان کی موجودہ صورتحال اور خطے کی ترقی کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد کے مابین ملاقات ہوئی ا س دوران حالیہ پیش آنے والے ناخوشگوارواقعات و دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امیر مقام نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پائیدار امن کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور امن کے دشمن عناصر کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ علاوہ ازیں گلگت بلتستان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر نگران کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں خطے میں حالیہ پیش آنے والے واقعات، امن و امان کی صورتحال اور اس کے تدارک پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اس گھنائونے فعل میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کابینہ کے ارکان پر زور دیا کہ وہ بھی ملوث افراد کو سزا دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے گلگت میں حالیہ ناخوشگوار واقعات کے دوران نذرِ آتش کیے جانے والے اقوام متحدہ کے دفتر اور دیگر متاثرہ املاک کا دورہ کیا۔اس موقع پر سٹیشن کمانڈر گلگت نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی اور حالیہ واقعات کے دوران دفتر اور دیگر عمارتوں کو پہنچنے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اداروں کی بحالی اور نقصانات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں