اے پی این ایس :سرمد علی صدر،اطہر قاضی سیکرٹری جنرل منتخب
ناز آفرین لاکھانی سینئر نائب صدر، شہاب زبیری نائب صدر،نوید کاشف فنانس سیکرٹری محسن بلال جوائنٹ سیکرٹری ،اشتہارات کے سرکاری نرخوں میں اضافے پر عملدرآمد پرزور
کراچی(سٹاف رپورٹر)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس )کی جنرل کونسل کے سالانہ اجلاس میں رواں سال کیلئے متفقہ طور پر سینیٹر سرمد علی صدر، ناز آفرین سہگل لاکھانی سینئر نائب صدر،شہاب زبیری نائب صدر، اطہر قاضی سیکرٹری جنرل،محسن بلال جوائنٹ سیکرٹری اور نوید کاشف فنانس سیکرٹری منتخب کرلئے گئے ۔سالانہ اجلاس عام سرمد علی کی زیر صدارت اے پی این ایس ہاؤس کراچی میں ہوا جس میں 2025-26 کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رپورٹ اور 2025کے سالانہ حسابات کی رپورٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔جنرل کونسل نے ایک قرار داد کے ذریعے خطے کی موجودہ صورتحال اور معاشی بحران کے دور میں پرنٹ میڈیا کے ابتر حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ،جس کی وجہ سے اخبارات شدید مالی بحران کا شکار ہیں جس میں سے اکثر تباہی کے دہانے پر ہیں۔ اس صورتحال میں کونسل نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے گزشتہ دور حکومت میں سرکاری نرخوں میں اضافہ کے منظور کئے گئے فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے ۔جنرل کونسل نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے درخواست کی کہ اخباری صنعت کے طویل زیر التواء بقایاجات کی جلد ادائیگی کی جائے ۔ اشتہارات کے حجم میں اضافہ اور اشتہارات کے اجراء میں پرنٹ میڈیا کاالگ حصہ مختص کیا جائے تاکہ موجودہ صورتحال میں اخباری صنعت زندہ رہ سکے ۔اے پی این ایس کی جنرل کونسل نے اپنے اجلاس میں ایک قرارداد میں گزشتہ 17 ماہ سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے ڈان میڈیا گروپ کو سرکاری اشتہارات پر مکمل پابندی پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا۔