سی سی پی کا دو کیبل کمپنیوں کو 26کروڑ 50لاکھ جرمانہ
دونوں کمپنیوں نے ڈیلرز کو مصنوعات مقررہ قیمت سے کم پر فروخت سے روکا 60روز میں جرمانہ ادا نہ کیا تو روزانہ کی بنیاد پر 5لاکھ اضافی جرمانہ عائد کیا جائیگا
اسلام آباد (دنیا رپورٹ )کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے قوانین کی خلاف ورزی پر دو کیبل کمپنیوں پر مجموعی طور پر 26 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ،سی سی پی کے مطابق نیوایج کیبلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ پر 7 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ جی ایم کیبلز اینڈ پائپس (پرائیویٹ) لمیٹڈ پر 19 کروڑ 2 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ۔ دونوں کمپنیوں نے ری سیل پرائس مینٹیننس کے ذریعے ڈیلرز کو مقررہ قیمت سے کم پر مصنوعات فروخت کرنے سے روکا، جو کہ کمپٹیشن ایکٹ 2010 کی خلاف ورزی ہے ، خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی، حتیٰ کہ ڈیلرشپ ختم کرنے تک کی سزائیں تجویز کی گئی تھیں ،انکوائری کے بعد کمیشن نے قرار دیا کہ دونوں کمپنیوں کے اقدامات سے مارکیٹ میں قیمتوں کا مقابلہ متاثر ہوا اور صارفین کے انتخاب میں کمی آئی ، سی سی پی نے کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 60 دن کے اندر جرمانہ ادا کریں، بصورت دیگر روزانہ 5 لاکھ روپے اضافی جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔