حکومتی ملکیتی اداروں میں تنخواہ اور مراعات کارکردگی سے مشروط کرنیکا فیصلہ
تمام کمپنیوں، فنانشل اداروں کے سربراہوں، افسران و ممبران کی تنخواہوں و مراعات کے پیکیج کا ازسرنو جائزہ جدید معاوضہ فریم ورک تیار کیا جائیگا تاکہ مراعات کو کمپنیوں کے اہداف و کامیابی کیساتھ ہم آہنگ کیا جا سکے ازسرنو جائزہ لیکر نئی پالیسی تیار ، آڈٹ کیلئے وزارت خزانہ ملکی و بین الاقوامی کمپنیوں کی خدمات حاصل کریگی
اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) وفاقی وزارت خزانہ نے حکومتی ملکیتی اداروں، فنانشل کمپنیوں اور ڈویلپمنٹ فنانشل اداروں کے سربراہوں، بورڈ ممبران اور افسران کی تنخواہوں و مراعات پیکیج کو کارکردگی سے مشروط کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، وزارت خزانہ نے کارکردگی کی بنیاد پر تمام کمپنیوں، فنانشل اداروں و کمپنیوں کے سربراہوں، افسران و ممبران کی تنخواہوں و مراعات کے پیکیج کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ، وزارت خزانہ نے اس کیلئے نئی پالیسی اور پیکیج لانے کا فیصلہ کیا ، وزارت خزانہ نے تنخواہوں اور مراعات کے نئے پیکیج تیار کرنے کے لئے جوائنٹ انویسٹمنٹ کمپنیوں اور ڈویلپمنٹ فنانشل انسٹی ٹیوشنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز، افسران اور بورڈ ممبران کے معاوضوں کا رسک ایڈجسٹڈ آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ، وزارت خزانہ آڈٹ کے لئے بین الاقوامی و ملکی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرے گی، وزارت خزانہ آڈٹ کے ذریعے سربراہان کو ملنے والی تمام مالی اور غیر مالی مراعات اور معاوضے اداروں کے ترقیاتی مینڈیٹ اور رسک مینجمنٹ کے اصولوں سے مطابقت ہونے یا نہ ہونے کا جائزہ لے گی ، وزارتِ خزانہ کے مطابق آڈٹ کے ذریعے چیف ایگزیکٹو آفیسرز، افسران اور ممبران کی کارکردگی سے مشروط ایک نیا اور جدید ترین معاوضہ فریم ورک تیار کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں مراعات کو کمپنیوں کے اہداف و کامیابی کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکے ۔وزارت خزانہ اس حوالے سے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کے لئے نجی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرے گی ۔