خیبر پختو نخوا:سکیورٹی فورسز کے آپریشن ،بھارتی حمایت یافتہ 13خوارج ہلاک
ضلع خیبر کے علاقہ باڑہ میں انٹیلی جنس کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ، 10 دہشتگرد مارے گئے بنوں میں 3دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، فورسز سیسہ پلائی دیوار، آپریشن جاری رہیں گے :صدر، وزیراعظم
راولپنڈی،اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر، نامہ نگار ،دنیا نیوز)سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 13 خوارج کو ہلاک کردیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 30مارچ کوخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا،اس دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10خوارج کو ہلاک کر دیا ، ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع بنوں میں کیا گیا،فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3خوارج کو موثر طریقے سے ہلاک کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر نے کہا علاقے میں موجود کسی بھی دیگر بھارتی حمایت یافتہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور شدہ نیشنل ایکشن پلان عزمِ استحکام کے وژن کے تحت پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے ۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کو کامیاب کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کیا، صدر زرداری نے کہا وطنِ عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے قومی عزم غیر متزلزل ہے ، آپریشنز جاری رکھے جائیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی حفاظت کیلئے سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہے ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا انجام عبرتناک موت ہے ۔