سروسز ہسپتال :موبائل فون کی روشنی میں آپریشن،ویڈیووائرل
بارش کے دوران ایمرجنسی تھیٹر کی بجلی آدھ گھنٹہ بندرہی ،جنریٹر بھی نہ چلایاجاسکا انکوائری کمیٹی کو بدانتظامی یاغفلت کا ثبوت نہیں ملا :میڈیکل سپرنٹنڈ نٹ راناخرم
لاہور (ہیلتھ رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) لاہور کے سروسز ہسپتال میں بدانتظامی کے باعث بجلی کی بندش کے دوران ایمرجنسی آپریشن تھیٹر میں موبائل فون کی روشنی میں آپریشن کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ، بیک اپ کے طور پر جنریٹر بھی نہیں چلائے جا سکے ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ شام سروسز ہسپتال کے ایمرجنسی آپریشن تھیٹر میں اچانک بجلی بند ہو گئی، آدھے گھنٹے تک آپریشن تھیٹر اندھیرے میں ڈوبا رہا،اس دوران ڈاکٹرز نے مبینہ طور پر موبائل فون کی روشنی میں سرجری جاری رکھی، جس کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی ہے ، ہسپتال انتظامیہ ایمرجنسی میں بروقت جنریٹر بیک اپ چلانے میں ناکام رہی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے سروسز ہسپتال کے ایمرجنسی آپریشن تھیٹر میں بجلی کی بندش کے بعد موبائل لائٹ میں آپریشن کی مبینہ خبر کا نوٹس لے لیا اور محکمہ صحت سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔
ایم ایس سروسز ہسپتال رانا خرم کے مطابق اب ہسپتال میں بجلی معمول کے مطابق بحال ہے اور مکمل بیک اپ سسٹم موجود ہے ،ہسپتال انتظامیہ نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی ،جس کی رپورٹ کے مطابق رات کے وقت طوفانی بارش کے دوران بجلی بند ضرور ہوئی لیکن چند سیکنڈز میں جنریٹر خودکار طور پر فعال ہو گئے ، مریضوں کے علاج میں کوئی خلل نہیں آیا جبکہ متعدد معمولی اور ایک بڑی سرجری کامیابی سے مکمل کی گئی ۔انتظامیہ ویڈیو کی لوکیشن والے آپریشن تھیٹر کو ٹریس کرنے کی بھی کوشش کی ۔ایم ایس رانا خرم اور پرنسپل زہراخانم نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بجلی بند ہونے کے دوران مریضوں سے بدانتظامی یا غفلت کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔