بارشیں:چھتیں، آسمانی بجلی گرنے سے بچوں سمیت 9 جاں بحق

بارشیں:چھتیں، آسمانی بجلی گرنے سے بچوں سمیت 9 جاں بحق

باجوڑ میں 4، ایبٹ آباد 2، ڈھاڈر میں ایک اور جہلم میں 2 افراد نے دم توڑ دیا

لاہور، اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک ،دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں )ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 5 بچوں سمیت 9 افراد  جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔ باجوڑ کے علاقے ماندل، ڈاگ لم شاہ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے ، ریسکیو 1122 کے مطابق ملبے تلے دبنے والوں میں دو خواتین اور دو بچے شامل تھے ۔ایبٹ آباد کے علاقے لنگڑیال محلہ تریڑی میں مکان کی دیوار گرنے سے دو کمسن بچیاں جاں بحق ہوگئیں، پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 14 سالہ نایاب اور 10 سالہ فاطمہ شامل ہیں جبکہ سیف الرحمن، عاصمہ اور طیبہ زخمی ہوگئے ۔بلوچستان کے علاقے ڈھاڈر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ بجلی کا ٹرانسفارمر بھی جل گیا۔ جہلم ویلی میں بارش کے دوران پیش آنے والے مختلف واقعات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے ، ایک شخص کھائی میں گر کر جبکہ دوسرا پھسلنے کے باعث جاں بحق ہوا۔ادھر بلوچستان کے مختلف علاقوں قلعہ عبداللہ، گلستان اور جنگل پیرعلیزئی میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی، مسافر وین اور ٹرک ریلے میں بہہ گئے جبکہ کئی گاڑیاں برساتی ندیوں میں پھنس گئیں۔مری میں طوفانی بارشوں کا خدشہ، سیاحوں کیلئے ایڈوائزری جاری کردی گئی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری نے آئندہ دنوں میں متوقع طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے پیش نظر سیاحوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے ۔ شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب کے مغربی اضلاع، کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں