رندھاوا تبدیل، سہیل اشرف کو چیف کمشنر اسلام آبادلگانے کا فیصلہ
ادریس احمد کاایف آئی اے تبادلہ ،سعد اختر نئے کمانڈنٹ پولیس اکیڈمی تعینات گریڈ 19 کے شاہجہان کا سندھ تبادلہ ،3افسروں کاگریڈ 19میں ایکٹنگ چارج واپس
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی حکومت نے مختلف افسروں کے تقرر و تبادلے کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کو چیئرمین سی ڈی اے تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سی ڈی اے بورڈ کی منظوری کے بعد ان کی بطور چیئرمین تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 20 کے افسر اور موجودہ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کو تبدیل کر کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔پولیس سروس کے گریڈ 21 کے افسر ادریس احمد کو کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی کے عہدے سے ہٹا کر ان کی خدمات ایف آئی اے کے سپرد کر دی گئی ہیں، جبکہ ان کی جگہ گریڈ 21 کے ہی افسر سعد اختر کو نیا کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی تعینات کیا گیا ہے ۔مزید برآں پولیس سروس کے گریڈ 19 کے افسر شاہجہان کی خدمات حکومت سندھ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ ڈپٹی سیکرٹری ناطق حسین شاہ کا آبی وسائل ڈویژن سے وزارت مواصلات تبادلہ کر دیا گیا، جبکہ عبدالکریم رند کو ڈپٹی سیکرٹری آبی وسائل ڈویژن تعینات کیا گیا ہے ۔ فیصل کریم قریشی کو ڈپٹی سیکرٹری وزارت آئی ٹی تعینات کیا گیا جبکہ طوبیٰ بتول کو واپس ان کے پیرنٹ ڈیپارٹمنٹ بھیج دیا گیا۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سی ڈی اے میں ڈیپوٹیشن پر تعینات آفس مینجمنٹ گروپ کے گریڈ 18 کے افسر وقاص علی خان کو معطل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے ۔مزید برآں ڈی ایس بی اجلاس کی سفارشات پر تین افسروں کی گریڈ 19 میں ایکٹنگ چارج تقرریاں واپس لے لی گئی ہیں، جن میں ایڈمنسٹریٹو سروس کے طہٰ سلیم، پولیس سروس کے سید علی اور شازیہ سرور شامل ہیں۔