ایل پی جی بحران بڑھ گیا، 470روپے کلو تک فروخت
اوگرا نے 78روپے کلو اضافہ کیا تھا،مافیا نے قیمت کئی گنا بڑھا دی ہے غریب براہ راست متاثر ،بڑے ڈسٹری بیوٹرز کو کوئی نہیں پوچھتا،دکاندار
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )ایل پی جی بحران شدت اختیار کرنے لگا، اوگرا کے نئے مقرر کردہ نرخوں پر بھی ایل پی جی دستیاب نہیں، اس کے برعکس شہر میں 450 سے 470 روپے فی کلو فروخت کی جار ہی ہے ،اوگرا نے قیمت میں فی کلو 78 روپے اضافہ کیا تھا تاہم مافیا نے خود ہی کئی گنا زیادہ اضافہ کردیا ،لاہور میں اوگرا کے ریٹ 304 روپے میں ایل پی جی دستیاب نہیں ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتیں زیادہ ہونے سے غریب طبقہ براہ راست متاثر ہورہا ہے ، مہنگائی نے پہلے ہی جینا محال کررکھا ہے ، حکومت قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرے ، دوسری طرف دکاندار وں کا کہنا ہے کہ قیمتیں بڑھنے پر چھوٹے دکاندار کو تنگ کیا جاتا ہے بڑے پلانٹس اور ڈسٹری بیوٹرز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔