پاکستان کی کامیاب آئل ڈپلومیسی کاروباری ڈیلز کے علاوہ جہازوں کیلئے محفوظ راستوں کا انتظام
جنگ کے دوران خام تیل ڈیزل، پٹرول اور جیٹ فیول سکیور کر لیا ،تین ممالک سے پٹرولیم مصنوعات خریدیں تیل کی بلا تعطل سپلائی جاری ،گلف کے تمام ممالک کو انگیج کر رہے ، جہاں سے بھی تیل ملے گا خریدیں گے :وزیرپٹرولیم
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) ایران اسرائیل امریکہ جنگ دوسرے ماہ میں داخل ہو چکی ،پاکستان جہاں جنگ کو رکوانے ،خطے میں امن و استحکام لانے کے لئے سفارت کاری میں مصروف ،وہیں پاکستان کی آئل ڈپلومیسی بھی کامیاب رہی بلکہ خام تیل ڈیزل، پٹرول اور جیٹ فیول سکیور کر لیا ، پاکستان نے جہاں مشرقِ وسطیٰ میں مختلف ممالک سے تیل کے سودے کلیئر کئے وہیں پاکستان نے ان تیل بردار جہازوں کو لانے کے لئے محفوظ ترین راستوں کا بھی انتظام کیا ،پاکستان نے جنگ کے دوران تین ممالک کو پٹرولیم مصنوعات کے لئے انگیج کیا اور ان سے پٹرولیم مصنوعات خریدیں ۔ ان تین ممالک میں سعودی عرب، کویت عمان شامل ہیں ،پاکستان نے اس دوران سعودی عرب سے خام تیل کا ایک جہاز حاصل کیا، جو آبنائے ہرمز کے بجائے متبادل راستے سے پاکستان لایا گیا ، پاکستان نے سعودی عرب کی ینبع بندرگاہ کے ذریعے خام تیل کا جہاز حاصل کیا ، اس کے علاوہ پاکستان نے عمان کی بندرگاہوں سے 6 پٹرولیم کے جہاز حاصل کئے ہیں۔ مارچ میں عمان کی بندرگاہوں سے پٹرول کے پانچ اور ڈیزل کا ایک کارگو لایا گیا ، دوسری جانب پاکستان نے کویت سے بھی پٹرولیم مصنوعات کی یقین دہانی حاصل کر لی ، کویت پٹرولیم کارپوریشن ڈیزل اور جیٹ فیول فراہم کرے گا ،کویت سے آنے والے یہ جہاز آبنائے ہرمز سے گزر کر پاکستان پہنچیں گے کیونکہ پاکستان نے ایران سے بھی اس بات کی ضمانت لی ہے کہ پاکستانی جہاز آبنائے ہرمز سے گزر سکیں گے ۔ ایران نے ضمانت دی ہے کہ 20پاکستانی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت ہو گی، جہاں سے روزانہ کی بنیاد پر دو جہاز گزر سکیں گے ،تمام تر صورتحال پر وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ ہم گلف کے تمام ممالک کو انگیج کر رہے ہیں، جہاں سے بھی تیل ملے گا ہم خریدیں گے ،علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم کی بلا تعطل سپلائی کو برقرار رکھا ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گی۔