این ایچ اے میں شفافیت، احتساب کیلئے نئی پالیسی منظور
مینٹی نینس کے نام پر بھاری اخراجات کا نوٹس،ذمہ داروں کے تعین کی ہدایت یہ کیسے ہو سکتا ، ہم فنڈز اکٹھا کریں اور نیچے ’’کھابے ‘‘چل رہے ہو ں ،عبد العلیم
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے میں شفافیت اور احتساب کیلئے نئی پالیسی کی منظوری دے دی ۔انہوں نے مینٹی نینس کے نام پر ہونے والے بھاری اخراجات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا ٹوٹ پھوٹ کے کاموں کی آڑ میں کسی بھی قسم کی کرپشن کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ذمہ داروں کا تعین کیاجا ئے ۔ انہوں نے اجلاس کے دوران چیئرمین این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر محکمانہ اصلاحات کے لیے جامع اور مربوط پلان مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایک پیسہ بچانے کے لیے کوشاں ہیں،یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم محنت سے فنڈز اکٹھا کریں اور نیچے "کھابے "چل رہے ہوں۔ انہوں نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ نجی شعبے سے اہل، باصلاحیت اور دیانتدار "ایگزیکٹوز" کی خدمات حاصل کرے ۔عبدالعلیم خان نے مرمتی کاموں کی موقع پر جانچ پڑتال، مؤثر چیک اینڈ بیلنس سسٹم کے قیام اور شفافیت کے فروغ کے لیے تھرڈ پارٹی ایوالوایشن کروانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے عبدالحکیم موٹروے ایم-3 پر جاری تعمیراتی شکایات کو فوری طور پر دور کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ خرابی کے ذمہ داران کا تعین کیا جا ئے ۔