پنجاب کے 41 اضلاع میں واسا قائم، عوام کی سہولت ہمارا نصب العین : مریم نواز
جدید ترین سیوریج مشینری کی فراہمی کا مقصد سیلابی اور بارشی پانی سے ہونیوالے نقصان اور تکلیف کا ازالہ ہے :وزیراعلیٰ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 466 بچوں کا علاج مکمل،خصوصی بچے آزمائش نہیں بلکہ اللہ کی نعمت ہیں:پیغام
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور میں واسا پنجاب سیوریج فلیٹ فیز ون کا باقاعدہ افتتاح کیا جس کے بعد پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 41 اضلاع میں واسا کے دفاتر قائم ہو گئے ،مریم نواز کا کہناتھاکہ پنجاب میں واسا کے قیام کا وعدہ پورا کر دیا گیا ہے ، عوام کی سہولت اور آسانی ہمارا نصب العین ہے ۔افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ نے سیور جینٹک مشین، سیورسکر مشین اور دیگر جدید گاڑ یوں کا تفصیلی معائنہ کیااور سیوریج گاڑیوں کی چابیاں وزیراعلیٰ نے وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کے سپرد کیں۔ انہوں نے مشینوں کی ورکنگ اور افادیت کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور ڈرائیورز کو عوام کی خدمت کی تلقین کی۔ وزیراعلیٰ کو فلیٹ کے پہلے فیز کے بارے میں بریفنگ دی گئی ، جس میں بتایا گیا کہ 15 اضلاع میں 552 گاڑیاں اور مشینیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
واسا پنجاب سیوریج فلیٹ میں سیوریج سکر مشین، سیور جینٹک مشین، ڈی سیلٹنگ مشین، واٹر باؤزر، ڈی واٹرنگ پمپ، ڈمپر، ٹرک کرین، لوڈر اور رکشہ شامل ہیں۔ پہلے مرحلے میں جہلم، گجرات، اوکاڑہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ، ننکانہ، جھنگ، ساہیوال، راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں مشینری پہنچ گئی ہے ، دوسرے مرحلے میں 22 اضلاع میں مزید 937 مشینیں اور گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ ضلع سطح پر سیوریج سروسز اور آپریشن شروع کئے جا رہے ہیں، مشینوں کی فراہمی سے ماحولیات میں بہتری آئے گی اور عوام کو سہولت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ مون سون سے قبل تمام شہروں میں نکاسی آب کے انتظامات مکمل کئے جائیں گے ۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے پراجیکٹس اور سی ایم ہیلتھ پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام میں 16625 مریضوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے اورریکارڈ کم مدت میں 11ہزار466 بچوں کی ہارٹ سرجری مکمل ہوئی ۔ 7664 بچوں کی ہارٹ سرجری اور پروسیجر صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں کئے گئے جبکہ3802 بچوں کو پرائیویٹ ہسپتالوں میں ہارٹ سرجری کی سرکاری خرچ پر سہولت فراہم کی گئی۔سی ایم سپیشل ٹرانسپلانٹ پروگرام کے لئے 2001 مریضوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے جبکہ سی ایم سپیشل ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت 1574 کی ٹرانسپلانٹیشن کامیابی سے مکمل کی گئی، 255 مریضوں کی بالکل فری لیور ٹرانسپلانٹیشن کی گئی، ہرلیور ٹرانسپلانٹیشن کے لئے تقریباً65 لاکھ روپے ادا کئے گئے ۔ وزیراعلیٰ نے آٹزم ڈے پر آٹزم میں مبتلا بچوں کی تعلیم و تربیت اور بحالی کے عزم کا اعادہ کیا اورخصوصی پیغام میں کہاکہ آٹزم میں مبتلا بچوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا ہمارا عزم ہے ۔ خصوصی بچے آزمائش نہیں بلکہ اللہ کی نعمت ہیں اور معاشرے کو امتیازی سلوک ختم کرنا چاہئے ۔