پٹرول کی قیمت میں80 روپے لٹر کمی:نئے نرخ378روپے مقرر،وزرا کی 6ماہ کی تنخوا ہیں سرکاری خزانے میں جمع ہونگی:وزیراعظم کا بڑا اعلان

پٹرول کی قیمت میں80 روپے لٹر کمی:نئے نرخ378روپے  مقرر،وزرا کی 6ماہ کی تنخوا ہیں سرکاری خزانے میں جمع ہونگی:وزیراعظم کا بڑا اعلان

موٹرسائیکل، مال بردار گاڑیوں کو 100روپے لٹر، ٹرک80 ہزار، بسوں کو 1لاکھ ماہانہ سبسڈی،چھوٹے کاشتکاروں کو 1500 روپے ایکڑ دینگے :شہباز شریف سرکاری ٹرانسپورٹ آج سے 30دن تک مفت:محسن نقوی،عوام کو اورنج ٹرین، میٹرو، سپیڈو،گرین الیکٹرو بس کا ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا:مریم نواز

اسلام آباد (نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرول کی قیمت میں 80روپے لٹر کمی کردی، نئے نرخ 378روپے 41پیسے مقرر، وزیراعظم نے اعلان کیا کہ وفاقی کابینہ ارکان کی 6 ماہ کی تنخواہ سرکاری خزانے میں جمع ہوگی۔قوم سے خطاب میں انہوں نے کہا خلیج میں جنگ کے باعث پورے خطے میں تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں جو کہ عالمی طاقتوں کی کمر توڑ چکی ہیں،اس  نے پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ، غریب کا چولہا بھی مدھم ہورہا ہے ،کسان کیلئے بے پناہ مشکلات پیدا ہو چکی ہیں،میں نے حتی المقدور کوشش کی عوام کی مشکلات کم ہوں،قومی وسائل جو محدود ہیں ان کو آپ کی مشکلات کم کیلئے صرف کیا جائے ایک ایک پیسے کی بچت کے ذریعے عوام کو مہنگائی کے طوفان سے بچایا جاسکے ۔ پچھلے 3 ہفتوں میں عوام پر تیل کی قیمتوں کا بوجھ قطعاً نہیں ڈالا ہے ، ہمیں عوام کی مشکلات کا احساس ہے ۔ جانتا ہوں کہ پاکستان میں عام آدمی کس طرح زندگی بسر کرتا ہے ۔ فجر کی نماز ادا کر کے رزقِ حلال کی تلاش کے لیے نکلتے ہیں اور سارا دن جاڑے میں، دھوپ میں محنت کر کے اپنے بال بچوں کا پیٹ پالتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود آپ کے بے پناہ مسائل ہیں، اس لیے ان تین ہفتوں میں قومی وسائل سے 129 ارب روپے خرچ کرکے آپ تک اس قیامت خیز طوفان کو پہنچنے نہ دیا۔

دعا ہے کہ خطے میں جنگ جلد سے جلد بند اورامن قائم ہوجائے ،اس کیلئے پاکستان کی حکومت نے اورمیں نے نائب وزیر اعظم اورفیلڈ مارشل عاصم منیر نے انتہائی خلوص دل کے ساتھ امن قائم کرنے کیلئے جب سے جنگ شروع ہوئی ہے دن رات کاوشیں کررہے ہیں ہم اس وقت تک اللہ کے فضل سے اپنا یہ فرض ادا کرتے رہیں گے ، جب تک آگ کے شعلے بجھ نہیں جاتے ،انہوں نے کہا عوام کو ریلیف دینے کیلئے بھرپور مشاورت اور بڑی عرق ریزی کے بعد جامع پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے ،موٹر سائیکل کو ایک لٹر کے اوپر 100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی، ہم نے فیصلہ کیا کہ گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں مال بردار گاڑیوں کو سپورٹ دینے کے لیے ایک ماہ تک 100 روپے فی لٹر کے حساب سے سبسڈی دی جائے گی، چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے ، بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار روپے ، پبلک ٹرانسپورٹ بسوں کو ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کرایوں کا بوجھ آپ پر نہ پڑے ۔ پاکستان کے چھوٹے کسانوں کے لیے 1500 روپے فی ایکڑ امداد مہیا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ، اسی طرح پاکستان ریلوے کے حوالے سے فیصلہ کیا کہ اکانومی کلاس کے ڈبوں میں مسافروں کے لیے کرایہ نہیں بڑھایا جائے گا، اس حوالے سے وزارت ریلوے کو واضح ہدایات جاری کردی ہیں۔ کل کیے گئے تمام اعلانات تمام قومی جذبات سے بھرے اقدامات کے لیے صوبائی وزرائے اعلیٰ مریم نواز، مراد علی شاہ، سہیل آفریدی، میرسرفراز بگٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس قومی مقصد کے لیے اپنے وسائل مہیا کرنے کے لیے بلاتاخیر وعدے کیے ۔

انہوں نے کہا وعدہ ہے جب تک آپ امن اور چین سے دوبارہ اپنی زندگی کے معمولات پر واپس نہیں آتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ،اللہ کو منظور ہوا تو ہم تمام توانائیاں اور وسائل آپ کے قدموں میں نچھاور کریں گے ۔اسی سوچ کے تحت میں اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ پٹرول کی قیمت کا کل جو اعلان کیا گیا کہ وہ 458 روپے فی لٹر تک قیمت بڑھ گئی، اس قیمت کو کم کرنے کے لیے پٹرول کی لیوی میں 80 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کرتا ہوں، اس طرح پٹرول کی قیمت 458 روپے فی لٹر سے کم ہوکر 378 روپے مہیا ہوگا۔پٹرول کی قیمت میں یہ کمی کم از کم اگلے ایک ماہ کے لیے ہوگی اوراس کا اطلاق پورے ملک پر ہوگا، میں یہاں پر ایک حقیر اعلان کرنا چاہتا ہوں کیونکہ میں نے اپنے کابینہ کے وزرا سے عجلت میں اس کا مشورہ نہیں کیا میں اپنی کابینہ کے حوالے سے جس کا ہم پہلے دو ماہ کی تنخواہ جمع کرانے کا اعلان کرچکے ہیں اس کو میں آج بڑھا کر چھ ماہ تک اس کا اعلان کرتا ہوں،میرے بزرگو،بھائیو،بہنو،یہ شاید ہی ایک معمولی رقم ہو گی، لیکن میں اس سے آپ کو ایک مخلصانہ انداز میں یہ باور کرانا چاہتا ہوں کہ ہم ان شائاللہ تمام وسائل جہاں جہاں ایک ایک پیسے کی بچت ہو گی،وہ بچت حاصل کرکے میں ان شائاللہ آپ کی مشکلات میں اضافہ نہیں ہونے دوں گا، ان شائاللہ بہت جلد ہم بہت اچھے وقتوں میں ترقی، خوش حالی اور غربت کے خاتمے اور پاکستان کی ترقی کی باتیں کر رہے ہوں گے ۔

لاہور،اسلام آباد،کراچی(سٹاف رپورٹر سے، اپنے کامرس رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز) اسلام آباد اور پنجاب کے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے کا اعلان، انٹرسٹی کرایوں میں 25فیصد اضافہ کردیا گیا، وزیراعظم کی ہدایت پرٹول فیس میں سہ ماہی  اضافہ معطل جبکہ ٹرینوں کے کرائے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی سائٹ ‘‘ایکس’’پر اپنے بیان  میں کہا وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسلام آباد میں تمام سرکاری ٹرانسپورٹ شہریوں کیلئے مفت کر دی گئی ہے ، مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت کا آغاز آج (ہفتہ )سے ہوگا، یہ سہولت اگلے 30 دن تک برقرار رہے گی۔وفاقی دارالحکومت کے شہری ایک ماہ تک بغیر کسی کرایہ کے سرکاری بسوں میں سفر کر سکیں گے ، وزارتِ داخلہ عوامی ریلیف اقدام کیلئے 35 کروڑ روپے کے اخراجات برداشت کرے گی۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات پر ٹول ٹیکس میں ہونے والا سہ ماہی اضافہ معطل کردیا گیا ہے ، این ایچ اے کو نوٹیفکیشن واپس لینے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے بتایا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر 30 جون تک 6 ارب روپے کا اضافی بوجھ حکومت نے اپنے ذمہ لے لیا۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے تمام شہروں کے اندر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے کا اعلان کیا ہے ،اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، سپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کے دوران شہریوں کو ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا،مریم نواز نے کہا زراعت، خوراک اور کسان کے تحفظ کے لئے نقد رقم دینے کا فیصلہ کیاہے ،کاشتکاروں کو فی ایکڑ فی لٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی،ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل سوار کو ماہانہ 2000 روپے سبسڈی ملے گی۔مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز، خصوصاً اہل پنجاب سے پُرزور اپیل کرتی ہوں کہ عوام کا ساتھ دیں اور اس اضافے کا بوجھ مسافروں اور صارفین پر منتقل نہ کریں،حکومت صورتحال کی قریب سے نگرانی اور مؤثر ریگولیشن کرے گی تاکہ ریلیف حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچے ۔ مریم نواز نے عالمی بحران کے باوجود ایک ماہ تک پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور نرخ برقرار رکھنے پر وزیرا عظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا شہباز شریف نے بدترین معاشی صورتحال میں عوام کو ایک ماہ میں اربوں روپے کا ریلیف دیا ہے ۔مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔

علاوہ ازیں محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے ٹرانسپورٹرز کا خود ساختہ 60 سے 65 فیصد اضافہ ختم کر دیا اور لاہور سے دیگر شہروں کے کرایوں میں 25 فیصد اضافے کے ساتھ نیا کرایہ نامہ جاری کر دیا، لاہور کے تمام بس اڈوں کو نیا کرایہ نامہ فوری آویزاں کرنے کا حکم دیا گیا۔نئے کرایہ نامے کے مطابق لاہور سے راولپنڈی کے لیے ایگزیکٹو کلاس کا کرایہ 2480 سے بڑھ کر 3100، اکنامک 3680 سے 4600 اور فرسٹ کلاس 3800 سے 4750 روپے کر دیا گیا ہے ۔ اسی طرح لاہور سے پشاور ایگزیکٹو کرایہ 3150 سے بڑھ کر 3950 جبکہ اکنامک 4300 سے 5400 روپے ہو گیا۔لاہور سے سرگودھا اور فیصل آباد کے کرایوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں ایگزیکٹو کرایہ 1270 سے بڑھ کر 1600 جبکہ اکنامک بالترتیب 1750 سے 2200 اور 1700 سے 2150 روپے ہو گیا۔ سیالکوٹ اور ڈسکہ کیلئے ایگزیکٹو کرایہ 1150 سے بڑھ کر 1450 روپے مقرر کیا گیا۔جنوبی پنجاب کے روٹس پر بھی نمایاں اضافہ سامنے آیا، لاہور سے ملتان ایگزیکٹو 2200 سے 2750 اور اکنامک 2800 سے 3500، بہاولپور کے لیے ایگزیکٹو 2540 سے 3200 اور اکنامک 3680 سے 4600 روپے کر دیا گیا۔ اسی طرح احمد پور، تونسہ اور رحیم یار خان سمیت دیگر شہروں کے کرایوں میں بھی 25 فیصد اضافہ نافذ کر دیا گیا۔

طویل فاصلے کے روٹس پر بھی اثرات نمایاں رہے ، لاہور سے کراچی کے لیے ایگزیکٹو کرایہ 7700 سے بڑھ کر 9650، اکنامک 9850 سے 12300 اور فرسٹ کلاس 10950 سے 13700 روپے ہو گیا، جبکہ کوئٹہ اور حیدرآباد کے کرایوں میں بھی اسی تناسب سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مزید برآں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی 55 ارب روپے کی ٹارگٹڈ سبسڈی کا اعلان کیا ہے ۔پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار کو 2000 روپے 20 ایکڑ تک زمین والوں کو 1500 فی ایکڑ دئیے جائیں گے ، سندھ حکومت گندم کی خریداری خود کرے گی، ٹارگٹڈ سبسڈی کا بوجھ صوبوں کو اٹھا نا ہوگا، ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو یقینی بنانا ہوگا کہ وہ کرائے نہ بڑھائے ، ٹرانسپورٹرز سے کرائے نہ بڑھانے کا حلف لیا جائے گا۔ پٹرول پمپس پر مختلف قیمتوں کا نفاذ ممکن نہیں، اس لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے ۔ ہر مستحق موٹر سائیکل سوار کو سبسڈی براہ راست فراہم کی جائے گی اور پٹرول پمپ پر فوری رعایت نہیں دی جائے گی۔ ایپ میں اپنا شناختی کارڈ نمبر ڈالنے سے موٹرسائیکل کانمبر آجائے گا، 15دن بعد رقم موٹر سائیکل والوں کو منتقل کی جائے گی تاہم رقوم تصدیق شدہ موٹرسائیکل والوں کو دی جائے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ موٹرسائیکل آپ کے نام نہیں تو 15 دن میں اپنے نام کروا لیں، جس کیلئے موٹرسائیکل کی ٹرانسفر فیس معاف کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں