لاہور ،اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے،شدت6.3ریکارڈ

لاہور ،اسلام  آباد  سمیت  کئی  شہروں  میں  زلزلے  کے  جھٹکے،شدت6.3ریکارڈ

زلزلہ رات 9 بجکر 13 منٹ پر آیا ، گہرائی 190 کلومیٹر ،مرکز ہندوکش ریجن افغانستان میں تھا کسی نقصان کی اطلاع نہیں،پشاور میں بالی ووڈ اداکار راج کپور کی قدیم حویلی کی دیوار کا کچھ حصہ منہدم

اسلام آباد ، لاہور ، پشاور(سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب ،پختونخوا،اسلام آباد اور آزادکشمیر کے کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی ۔زلزلے کی گہرائی 190 کلومیٹر ریکارڈ،زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان میں تھا۔بتا یا گیا کہ زلزلے کا وقت رات 9 بج کر 13 منٹ تھا ۔زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔، پشاور، چترال، سوات اور شانگلہ دیر بالا، ہری پور، ایبٹ آباد، کوہاٹ، ہنگو ،چارسدہ، مالاکنڈ، نوشہرہ، فیصل آباد، ننکانہ، سرگودھا ، مری، جہلم، وہاڑی، کامونکی، نارووال، گجرات ، سیالکوٹ، شرقپور شریف ، پھولنگر ، پھالیہ، گوجرہ، شاہ پور صدر ، پسرور، مردان ، ہنگو ، بونیر ، صوابی ، جمرود ، کوہاٹ ، شکرگڑھ، بنوں اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔

فی الحال کسی جانی و مالی نقصا ن کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے ۔ ڈائریکٹر زلزلہ پیما مرکز نجیب احمد نے بتایا کہ ہو سکتا ہے اس زلزلے کے بعد اس کے آفٹر شاکس آئیں ،یہ بھی ممکن ہے کہ کچھ انفرا سٹرکچر کو نقصان پہنچے ، زلزلہ پنجاب اور کے پی کے ایریا میں محسوس ہوا ہے ۔ چترال میں شدید زلزلے کے نتیجے میں پہاڑی پتھر اور دیواریں گرنے کی آوازیں سنائی دیں۔ ریسکیو اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیاہے ۔مالاکنڈ میں زلزلے کے باعث مختلف علاقوں میں دیواریں گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں ۔زلزلے سے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار راج کپور کی پشاور میں قائم حویلی کی دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا۔کپور خاندان کی پشاور کے قصہ خوانی بازار میں قائم حویلی کو بارشوں اور زلزلے کے باعث نقصان پہنچا ۔حکومت کی جانب سے راج کپور حویلی کو قومی اثاثہ قرار دیا گیا ہے اور اس کی تحویل سرکار کے پاس ہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں