3ماہ میں 2164 گیگاواٹ اضافی بجلی استعمال، 20 ارب کا فائدہ
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)حکومت کے سرپلس پاور پیکیج نے بجلی کی طلب میں زبردست اضافہ کیا ہے۔ دسمبر 2025 سے فروری 2026 کے دوران صرف تین ماہ میں 2164 گیگاواٹ اضافی بجلی استعمال کی گئی جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اس پیکیج نے توانائی کی طلب میں خاطرخواہ اضافہ کیا ہے ۔
اس پیکیج سے صنعتی صارفین نے مجموعی طور پر 19.6 ارب روپے جبکہ زرعی صارفین نے 1.14 ارب روپے کا فائدہ اٹھایا ، اس طرح سرپلس پیکیج سے کل فائدہ 20.83 ارب روپے بنتا ہے ۔ بی تھری کیٹیگری صارفین نے 8.76 ارب روپے ، بی ٹو نے 5.34 ارب، بی فور نے 4.2ارب روپے فائدہ لیا۔ بی فور (بڑی صنعتوں) میں سے 67 فیصد، بی تھری میں سے 52 فیصد ، بی ٹو میں سے 48 فیصد اور بی ون میں سے 43 فیصد صنعتی صارفین نے اس پیکیج سے فائدہ اٹھایاجبکہ زرعی صارفین میں سے 34 فیصد نے پیکیج سے استفادہ کیا۔ اس پیکیج نے صنعتوں کو مہنگی بجلی بنانے کے بجائے زیادہ سستی پر انحصار بڑھانے کی ترغیب دی ہے ۔ بڑھتی ہوئی یہ طلب ملک کی معاشی بحالی اور توانائی کے شعبے کے استحکام کے لیے ایک مضبوط اور مثبت اشارہ ہے ۔پاور ڈویژن نے یہ سرپلس پاور پیکیج دسمبر 2025 میں شروع کیا تھا جس کا مقصد بجلی کی کھپت کو فروغ دینا اور صنعتی اور زرعی صارفین کو طویل مدت کے لیے مالی ریلیف فراہم کرنا تھا۔