9مئی کیس:علیمہ ، عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں توسیع
اب احتجاج کا وقت ،ہماری ترجیح بانی پی ٹی آئی کا علاج :علیمہ خان ، میڈیا سے گفتگو اعظم سواتی،اسد عمر، جمشید اقبال چیمہ کی عبوری ضمانت میں 7مئی تک توسیع
لاہور (کورٹ رپورٹر )انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں میں سات مئی تک توسیع کرتے ہوئے مقدمات کا ریکارڈ اور وکلا سے دلائل طلب کرلیے ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کے تبادلے کے باعث سماعت ڈیوٹی جج نے کی،علیمہ خان اور عظمیٰ خان ، کرامت کھوکھر ، شیخ امتیاز سمیت دیگر نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر اپنی حاضری مکمل کروائی ،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری ہمارا بھائی ہے جس کی رہائی کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں،زیادہ سے زیادہ ہمیں مار ڈالیں یا جیلوں میں ڈالیں گے ہم شہادت کے لیے تیار ہیں، ان کا ارادہ ہے کہ کئی سال تک بانی کو جیل سے نہ نکالا جائے ،اب ایک ہی طریقہ ہے ، مزاحمت کرنی ہے ،گھر بیٹھنے کا وقت نہیں ،اب احتجاج کا وقت ہے ،جب عہدے دار خود نکلیں گے تو عوام پیچھے آجائے گی،ہماری ترجیح بانی کا علاج ہے ۔دریں اثناانسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں اعظم سواتی،اسد عمر کی عبوری ضمانت کی درخواستوں میں سات مئی تک توسیع کردی۔اعظم سواتی اور اسد عمر کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی گئی،عدالت کو بتایا گیا کہ اعظم خان سواتی کو انفیکشن ہے جبکہ اسد عمر کی لاہور کے لیے فلائٹ منسوخ ہونے کی وجہ سے ، وہ پیش نہیں ہو سکے ۔علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ سمیت 8 مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما ئوں مسرت جمشید چیمہ اور جمشید اقبال چیمہ کی عبوری ضمانت میں بھی سات مئی تک توسیع کردی۔عدالت نے تفتیشی افسر کو مسرت جمشید چیمہ کی تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ملزموں کیخلاف عسکری ٹاور حملہ اور جناح ہاؤس حملہ سمیت دیگر مقدمات درج ہیں۔