حالات کا مقابلہ کریں ، گریبان نہ پکڑیں :رانا ثنا اللہ

حالات کا مقابلہ کریں ، گریبان نہ پکڑیں :رانا ثنا اللہ

کئی ممالک میں پٹرول دستیاب نہیں،جنگ رہی تو زیادہ برے حالات ہوسکتے ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے ریلیف دے رہے ،چند عناصر عوام کو گمراہ کر رہے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا حالات کا مقابلہ کریں ، گریبان نہ پکڑیں ، چند عناصر موجودہ حالات میں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دنیا کے مختلف ممالک میں پٹرول ڈیزل دستیاب ہی نہیں ،جنگ رہی تو زیادہ برے حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت کفایت شعاری اقدامات پر عمل پیرا ہے ، کسان اور موٹر سائیکل رکھنے والوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ، عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے وزیراعظم نے گزشتہ روز اجلاس کی صدارت کی، گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں کو مستحکم رکھنے کیلئے سبسڈی دی جا رہی ہے ۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت نے قیمتوں کو کم رکھنے کوشش کی ہے ، حکومت کوشش کر رہی ہے کہ یہ جنگ بند ہو، ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے ملک کو مضبوط کریں، اپنے آپ کو اس وقت سیاسی مقاصد سے اوپر رکھیں۔مشیر وزیر اعظم نے کہا کہ اگر یہ جنگ اسی طرح جاری رہتی ہے تو ہوسکتا ہے پوری دنیا کو اس سے بھی زیادہ برے حالات کا سامنا کرنا پڑے ، خطے میں کشیدگی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں