مہنگی پٹرولیم مصنوعات ،پی ٹی آئی کا اے پی سی بلانیکا فیصلہ
اتار چڑھاؤ ضرور آیا ہے ،ہم نائیجیریا،ویت نام سے بھی آگے نکل گئے :بیرسٹر گوہر ایران کی جنگ کو جواز بنا کر قیمتیں بڑھانا سراسر غلط:سلمان اکرم راجہ،تیمور جھگڑا
اسلام آباد، لاہور(دنیا نیوز،سیاسی نمائندہ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کیخلاف پاکستان تحریک انصاف نے ہم خیال سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ،اس فیصلے کا اعلان چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے ،ایران میں کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ضرور آیا ہے ، نائیجیریا میں قیمتوں میں اس قدر اضافہ نہیں ہوا بلکہ پاکستان ویتنام سے بھی آگے نکل گیا ہے ۔ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ حکومت گزشتہ چار سالوں میں معیشت کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کر سکی ۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف احتجاجی مارچ کئے جائیں گے ،7 اپریل کو علیمہ بی بی نے کال دی ہے ،توقع ہے کہ ہمارے 10 ہزارتنظیمی عہدیدار اڈیالہ میں اکٹھے ہوں گے ۔9 اپریل کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا راولپنڈی میں جلسہ کریں گے تاہم اگرجلسے کی اجازت نہ ملی تو سڑکوں پر احتجاج ہوگا،دریں اثنا لاہور پریس کلب میں دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت قیامت کا سماں ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ پورے معاشرے اور معیشت کو تباہ کر دے گا، ایران کی جنگ کو جواز بنا کر قیمتیں بڑھانا سراسر غلط ہے ،اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی نے کہا کہ گزشتہ سال سے گندم بحران اور چینی سکینڈل پر بھرپور آواز اٹھائی مگر حکومت نے جواب دینا گوارا نہیں کیا ۔