دنیا کی سیرکیلئے نکلا جرمن سائیکلسٹ اسلام آبادپہنچتے ہی لٹ گیا
فلپ نے کھنہ کی حدود میں کیمپ لگایا،صبح اٹھاتوسائیکل اورکیمرہ چوری ہوچکے تھے جرمن سفارتخانے کی مداخلت پرپولیس کی دوڑیں،دونوں چیزیں برآمد،ملزم گرفتار
اسلام آباد(این این آئی)دنیا کی سیر کے لیے نکلا جرمن سائیکلسٹ اسلام آباد پہنچتے ہی لٹ گیا۔ذرائع کے مطابق فلپ سام نامی جرمن شہری نے رات گزارنے کیلئےاسلام آباد ایکسپریس وے پر تھانہ کھنہ کی حدود میں آنے والے علاقے میں کیمپ لگایا تھا۔جرمن شہری جب اگلی صبح اٹھا تو اس کی سائیکل اور قیمتی کیمرہ دونوں چوری ہو چکے تھے ۔اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جرمن سفارت خانے نے فوری طور پر مقامی حکام سے رابطہ کیا۔سفارت خانے کی مداخلت پر اسلام آباد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور آرچرڈ سکیم کے علاقے سے سائیکل اور کیمرہ دونوں برآمد کرلیے گئے ۔پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تھانہ کھنہ منتقل کر دیا ہے ۔