بھارت میں ایل پی جی بحران سنگین ، کاروبار ٹھپ

بھارت میں ایل پی جی بحران سنگین ، کاروبار ٹھپ

گیس کی قلت سے معمولاتِ زندگی، معاشی سرگر میاں بری طرح متاثر ماہرین نے مودی کی توانائی پالیسیوں ،تیاریوں پر سنجیدہ سوالات اٹھا دئیے

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) مشرق وسطیٰ کشیدگی کے باعث بھارت میں ایل پی جی بحران نہ صرف سنگین صورتحال اختیار کر گیا بلکہ ماہرین نے مودی حکومت کی توانائی پالیسیوں اور تیاریوں پر سنجیدہ سوالات بھی اٹھا دئیے ۔رپورٹس کے مطابق ممبئی سے راجستھان تک ایل پی جی سلنڈرز کی شدید قلت نے معمولاتِ زندگی ،معاشی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق ممبئی میں کاروبار تقریبا ًٹھپ ہو چکا جبکہ مزدور طبقہ روزگار ختم ہونے پر آبائی علاقوں کو واپس جانے پر مجبور ہو رہا ہے ،شہر میں ایندھن کی قلت کے باعث سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہیں، رپورٹس کے مطابق ایک ہزار روپے سے کم قیمت والا ایل پی جی سلنڈر بلیک مارکیٹ میں تین ہزار روپے تک فروخت ہو رہا ، معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ بحران اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حکومت کے پاس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موثر حکمت عملی نہیں ، ناقدین کے مطابق خلیجی کشیدگی کے اثرات نے توانائی کے شعبے میں کمزور منصوبہ بندی اور انحصار کو بے نقاب کر دیا ۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اور موثر اقدامات نہ کئے گئے تو یہ بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں