وفاقی حکومت اپنی معاشی ترجیحات پر نظر ثانی کرے ، متحدہ
کراچی (سٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے غریب اور متوسط طبقے کے عوام پر براہ راست معاشی ڈاکا قرار دیا ہے ۔
اراکین اسمبلی نے مشترکہ بیان میں واضح کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے اشیاِئے ضروریہ کی قیمتیں پہلے ہی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور اب نئے اضافے سے مہنگائی کا ایسا طوفان برپا ہوگا جو غریب کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے منتخب نمائندے ہیں اور عوام کے سامنے جوابدہ ہیں لہٰذا حکومت کی جانب سے بار بار غریب عوام کو نشانہ بنانا اور ان پر ٹیکسوں کا بوجھ لادنا کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اپنی معاشی ترجیحات پر نظر ثانی کرے اور براہ راست ٹیکسوں کا بوجھ غریبوں پر ڈالنے کے بجائے ان کروڑ پتیوں اور ارب پتیوں کو ٹیکس نیٹ میں لائے جو تاحال قومی خزانے میں اپنا حصہ ڈالنے سے گریزاں ہیں ۔